• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس ماورائے عدالت قتل و ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لیں، ایم کیو ایم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ایم کیو ایم کے کونسلر انیس صدیقی کی نماز جنازہ بعد نمازِ ظہربلال مسجد نزدطوری بنگش چوکی صدیق اکبر کالونی اورنگی ٹان نمبر ساڑھے گیارہ میں ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم پاکستان (پی آئی بی)کے کنوینر ڈاکٹرفاروق ستار ،ایم کیو ایم پاکستان (بہادرآباد) کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ارکان اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندوں ،مرحوم کے عزیز و اقارب سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انیس صدیقی کو مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔نمازجنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم بہت دکھ میں ہیں پروزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعظم پاکستان سے کوئی اپیل نہیں کریں گے حکومت کی مد ت پوری ہونے والی ہے لیکن انہوں نے اس پانچ سال میں ایم کیو ایم کے کارکنان کی شہادت جو کے سیکڑوں کی تعداد میں ہو ئی ہے جس پر ہمیں حکومت نے پاکستان کے اداروں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا ہم چیف جسٹس ثاقب نثار سے درخواست کرتے ہیں آپ کراچی میں ماورائے عدالت قتل اور ٹارگٹ کلنگ پرسو مو ٹو نوٹس لیں ہم انصاف کے لئے آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ انیس صدیقی کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے، ہمارے منتخب نمائندوں کو قتل کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا گیا، ہم پر مظالم کیے گئے۔ہم کارکنان کو صبر کی تلقین کرتے ہیں لیکن آخر کب تک ہمارے کارکنان اور نمائندگان کے قتل کا سلسلہ جاری رہے گا؟۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔میرا کردار آپ تمام کے سامنے ہے، کبھی ایم کیو ایم سے الگ نہیں ہوا، نہ ہی کوئی پارٹی بنائی ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان کو ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن اپنی جگہ قائم رہے گا، ڈاکٹر خالد مقبول کو یوم تاسیس کے جلسے میں شرکت کی دعوت دی۔ہم پارٹی کی تقسیم پر لعنت بھیجتے ہیں تاہم یہ دیکھنا چاہیے کہ کون تقسیم چاہتا ہے۔
تازہ ترین