• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام پر ظلم کا نظام مسلط ،سینیٹ الیکشن میں اصطبل خریدے گئے،سراج الحق

عوام پر ظلم کا نظام مسلط ،سینیٹ الیکشن میں اصطبل خریدے گئے،سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام پر ظلم کا نظام مسلط ،سینیٹ الیکشن میں اصطبل خریدے گئے، قوم اگر حقیقی تبدیلی اور مستقبل کو روشن دیکھنا چاہتی ہے تو اسے ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ہی عوام کی پریشانیوں کی اصل ذمہ دارہیں ۔ بار بار موقع ملنے کے باوجود دونوں پارٹیوں نے اپنے منشور پر عمل کیا نہ عوام سے کیے گئے وعدوں کا پاس کیا بلکہ اسٹیٹس کو کی نمائندہ ان پارٹیوں نے ملک کے نظریے کے ساتھ بے وفائی کی جس سے پاکستان دو لخت ہوگیا ۔ دونوں پارٹیوں میں موجود جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا تعلق چند خاندانوں سے ہے ۔ ان لوگوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر کے عوام پر ظلم کا نظام مسلط کر رکھاہے ۔ الیکشن ایک کرپشن کا نشان بن کر رہ گئے ہیں ۔ سینیٹ الیکشن میں پورے کے پورے اصطبل خریدے اور بیچے گئے ۔ یہ ظالم مافیا اپنے مفادات کا اسیر ہے ،انہوں نے کبھی ملک و قوم کے لیے کوئی قربانی نہیں دی ۔ قوم ان لٹیروں کو اقتدار کے ایوانوں میں نہیں اڈیالہ جیل میں دیکھنا چاہتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سیالکوٹ کے زیراہتمام سمبڑیال میں بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ ظلم و جبر کی اس سیاست سے بغاوت کا وقت آگیاہے ۔ عوام ملک میں خلافت کا عادلانہ نظام چاہتے ہیں ۔

تازہ ترین