• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پاک سعودی ورکنگ گروپ کا اجلاس

سعودی دارالحکومت ریاض میں گزشتہ دنوںپاک سعودی مشترکہ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور پاک سعودی مشترکہ بزنس کونسل کو مزید فعال بنانے پر اتفاق ہوا۔ 

اجلاس میں سعودی عرب کے نائب وزیر برائے بیرونی تجارت عبدالرحمٰن الحربی، پاکستان کے سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا، بی او آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری سلیم رانجھا، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق کے علاوہ پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید احمد المالکی اور ٹیکنیکل ٹیم کے افراد نے شرکت کی۔ 

ارشد منیر پریس قونصلر نے جنگ کو بتایا کہ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والے پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں جو مفاہمت ہوئی تھی اس کے مطابق یہ کام انجام پائے گا۔

پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے نو منتخب اراکین کے اعزاز میں فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے اپنی رہائش پر ایک پُر عشایئے کا اہتمام کیا، جس میں ارکان کے علاوہ مقامی صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقعے پر شریک افراد نے آئندہ اپنی صحافتی ذمے داریوں کو نبھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 

پاک سعودی ورکنگ گروپ کا اجلاس
پاکستان جرنلسٹس فورم جدہ کے نو منتخب اراکین کا چیئرمین امیر محمد کے ساتھ گروپ فوٹو

سینئر صحافیوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں آج سے 30 سال قبل کا وقت یاد آرہا ہے، جب اس فورم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ بعض ارکان نے کراچی پریس کلب میں ایک ساتھ گزارا ہوا وقت بھی یاد کیا۔ 

فورم کے چیئرمین امیر محمد خان نے اپنے بیرون ملک روانگی کے دوران سینئر صحافی ابصار سید کو قائم مقام چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا اور محمد عامل عثمانی نے مکہ المکرمہ سے اور مقامی اخبارکے ایگزیکٹو ایڈیٹر رام نارائین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا ۔ عشائیے کے پروگرام کو جرنلسٹس فورم کے ویب پیج پر براہ راست نشر کیا گیا۔ جسے لوگوں نے بہت سراہا۔

اسلامی اسکالر انیق احمد کے اعزاز میں عالمی اردو مرکز کی ذیلی تنظیم مجلس اقبال کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس کی صدارت پاکستان قونصلیٹ کے قونصل رابطہ جاوید رفیق نے کی۔ تقریب میں جدہ کے ادبی اورسماجی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

پاک سعودی ورکنگ گروپ کا اجلاس
سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کے ساتھ ، پاک سعودی اجلاس کے شرکا ءکا گروپ فوٹو

پروگرام کاآغازقاری محمد آصف کی تلاوت و ترجمہ قران پاک سے ہوا۔ نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت احمد بن زبیر نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض اردو مرکز کے جنرل سیکرٹری حامد الاسلام خان نے ادا کیے۔ 

مرکز کے صدر معروف شاعر اطہر نفیس عباسی نےخطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے مہما ن خصوصی انیق احمد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی مصروفیات کے باوجود دعوت قبول کی۔ انہوں نے صدر تقریب جاوید رفیق سے یوم پاکستان کے موقع پر عالمی اردو مرکز کے زیراہتمام مشاعرے کے لیے قونصلیٹ سے معاونت کی درخواست بھی کی۔ 

پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ کے استاد فاروق مونس نے مقالہ بعنوان اقبال اور قرآن پیش کیا۔ اپنے طویل مقالے میں انہوں نے اقبال کی شاعری کا احاطہ بہت عمدہ انداز سےکیا۔مہمان خصوصی انیق احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں قران سے اپنا رشتہ مضبوط کرناچاہیے۔ 

ہمیں سمجھنا ہوگا کہ قران سے ہمارا رشتہ ہے کیا اور ہم اس میں کہاں نظرآتے ہیں۔ قران تو آئینہ ہے اور ہمیں اپنے آپ کو اس میں تلاش کرنا چاہیے۔ انہو ں نے تقریب کے انعقاد پر اردومرکز کا شکریہ ادا کیا۔مجلس اقبال کے چیئرمین عامر خورشید نے مجلس کی کارکردگی پر روشنی ڈالی تقریب سے شاعر و صحافی محمد مجاہد سید نے بھی خطاب کیا۔ زائرین کے لیے خادم حرمین شریفین حکومت کی طرف سے پیش کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی۔ 

انہوں نے کہا کہ خدمت کی ایسی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ صحافت کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ لہٰذا اس شعبے سے منسلک افراد کی صحافتی اخلاقیات کی طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین