کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائوتھ ایشین گیمز میں شر کت کے لئے قومی ہاکی ٹیم جمعرات کو کراچی سے بھارت روانہ ہوگی، ٹیم کے کھلاڑیوں نے بدھ کو بھی صبح کے سیشن میں دوگھنٹے پریکٹس کی۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد عرفان نے ہاکی کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہدف گولڈ میڈل ہے، کسی ٹیم کے ساتھ دبائو میں نہیں آئیں گے، بہت محنت کی ہے امید ہے کہ بھارت کو ہرائینگے۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل آ ئینگی، امید ہے کہ فائنل میں بھی ٹکرائو ہوگا۔ دریں اثنا ایونٹ میں ہاکی ٹیم اپنی مہم کا آ غاز سات فروری کو سری لنکا کے خلاف میچ سے کرے گی، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں8فروری کو مد مقابل ہونگیں۔پہلے روز دوسرے میچ میں بھارت اور بنگلہ دیشی ٹیمیں مد مقابل ہونگیں،8 فروری کو بنگلہ دیش کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ 10فروری کو پاکستان اور بنگلہ دیش، سری لنکا اور بھارت مدمقابل ہونگے۔