لاہور(نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس کے درمیان ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کو تسلیم کر کے آئین، قانون اور انصاف سے آگے بڑھنا ہوگا۔ پاناما کے معاملے پر عدالت اور نواز شریف کو آمنے سامنے کھڑا کرنے والوں نے پاکستان سے زیادتی کی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کے علاوہ کس لیڈر نے کبھی کوئی غلطی تسلیم کی؟نااہلی بددیانتی اور غداری کے جھوٹے سرٹیفکیٹ دلوانے والوں نے خدا کو جواب بھی دینا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو کمزور بنانا ریاست ِ پاکستان کو کمزور بنانا ھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تقسیم در تقسیم کرنے کا کھیل بند نہ کیا گیا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ ہم آپس میں دست و گریباں ہیں اور بیرونی دشمن تماشائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو آگے بڑھانے کیلئے آئین پر مکمل عملدرآمد کے سوا کوئی شارٹ کٹ نہیں ہے۔ ہمیں اپنی اپنی غلطیوں کو تسلیم کر کے آئین، قانون اور انصاف سے آگے بڑھنا ہوگا۔