• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کابینچ ٹوٹ گیا

پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کابینچ ٹوٹ گیا

پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کابینچ ٹوٹ گیا،خصوصی عدالت کے جسٹس یحییٰ آفریدی نے سماعت سے معذرت کرلی ۔

پرویز مشرف کے وکیل نے بینچ پر اعتراض کیا تھا،انہوں نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو مقدمہ سے الگ ہونے کی درخواست دائر کی تھی، جس میں میں کہا گیا تھاکہ جسٹس یحییٰ آفریدی جسٹس افتخار محمد چوہدری کے وکیل رہ چکے ہیں۔

درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے بطور وکیل پرویز مشرف کے تین نومبر 2007 کے ایکشن کو چیلنج کیا تھا۔

اس حوالے سے عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم پرویز مشرف کے الزامات حقائق پر مبنی نہیں ہیں، الزام درست نہیں،جسٹس یحییٰ آفریدی افتخار محمد چوہدری کے کبھی وکیل نہیں رہے۔

عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے 3 نومبر 2007 کے پرویز مشرف کے ایمرجنسی کے نفاذ کے اقدام کو چیلنج کیا تھا،وہ 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی کو چیلنج کرنے میں کو پٹیشنر تھے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیےخود کو مقدمے سے الگ کررہے ہیں۔

اس سےقبل سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہونا تھی،جو بنچ ٹوٹنے کے باعث نہ ہو سکی ،خصوصی عدالت نے آٹھ مارچ کو سماعت کے دوران وزارت داخلہ کو ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رجوع کرنے کا حکم سنایا تھا۔

عدالت نے پرویز مشرف کاشناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی معطل کرنے کی ہدایت کی تھی،پرویز مشرف سنگین غداری کیس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

تازہ ترین