• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

دہی۔۔۔ زمانہ قدیم سے انسانی خوراک کا حصہ ہے!

دہی۔۔۔ زمانہ قدیم سے انسانی خوراک کا حصہ ہے!

دہی صدیوں سے انسانی خوراک کا اہم حصہ رہی ہے۔کیلشیم سے بھرپور ، پروٹین اور پروبائیوٹک سے لیس دہی دودھ سے بنائی جانے والی ایک بہترین غذا ہے ۔تمام ڈیری پراڈکٹس میں سے دہی سب سے زیادہ کھانے میں استعمال ہوتی ہے، اس لئے اسے تمام ڈیری پراڈکٹس کا ہیرو بھی کہا جاتا ہے ۔ 

اسے چینی ڈال کربھی کھایا جاتا ہے جبکہ اس سے مختلف طرز کے رائتے بھی بنائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ سلاد کی ڈریسنگ اور مشروب کے طور پر بھی دہی کو بہت پسند کیا جاتا ہے ۔یہ دنیا کے ہر خطے میں پسند کی جاتی ہے ۔

اس کو عربی میں ”لبن“ فارسی میں ”ماست“ اور انگریزی میں ’’یوگرٹ‘‘ کہتے ہیں۔دہی کو دودھ سے بنایا جاتا ہے۔ اس کے لئے نیم گرم دودھ میں تھوڑی سی دہی ملا دی جاتی ہے، سازگار ماحول میں مفید بیکٹیریا دودھ کو دہی بنا دیتے ہیں۔ 

دہی گرمیوں، سردیوں غرضیکہ ہر موسم میں استعمال کی جاتی ہے ۔ دہی سے جسم کو بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔کچھ لوگ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ دودھ سے بھی زیادہ فائدے مند ہے ۔ لہٰذا یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ ایک مکمل غذا ہے ۔

دہی۔۔۔ زمانہ قدیم سے انسانی خوراک کا حصہ ہے!

دہی سے بننے والی چند مزیدار تراکیب قارئین کی خدمت میں پیش ہیں:

دہی کی لسی

اجزاء:

دہی۔ آدھا کلو

چینی یا نمک۔ حسب پسند

پانی۔ ایک پاؤ

برف۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

دہی کو کسی کھلے منہ کے برتن میں ڈالیں اور مدھانی سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ حسب پسند چینی یا نمک ڈال کر خوب پھینٹ لیا جائے اور جب چینی اچھی طرح سے دہی میں حل ہو جائے تو برف ڈال کر مدھانی چلائیں ۔پھر حسب پسند پانی ڈال کر مدھانی سے اچھی طرح ملا کرگلاسوں میں پیش کریں ۔بالکل اسی طرح آپ دودھ کی لسی بھی بنا سکتے ہیں ۔

دہی ، پنیر کے بالز

اجزاء:

دہی۔ تین کپ

خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ

شیشم کے بیج ۔ایک کھانے کا چمچ

زیرہ ۔ایک چائے کا چمچ

ثابت دھنیا ۔ایک کھانے کا چمچ

چاٹ مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ چٹکی بھر

کالی مرچ (تازہ پسی ہوئی)۔ ایک کھانے کا چمچ

خشک میوہ جات (کٹے ہوئے)۔ تین سے چار کھانے کے چمچ

ہرے دھنیے کے پتے۔ایک تہائی کپ

ترکیب:

دہی پنیر تیار کر نے کے لئے گھر بنے دہی (بالائی کے بغیر دودھ سے تیار کر دہ ) کو ململ کے کپڑے میں باندھ کر چھ سے آٹھ گھنٹے تک لٹکائے رکھیں تاکہ پانی مکمل طور پر خشک ہو جائے۔ آپ چاہیں تو چند بار کپڑے کو تھوڑا سا نچوڑ بھی سکتے ہیں تاکہ پانی نکلنے کا عمل ذرا تیزی سے مکمل ہو سکے۔ 

اس کے بعد حسبِ ضرورت اسے ریفریجریٹر میں رکھیں۔ آپ یہ سارا کام دو دن پہلے سے بھی مکمل کر سکتے ہیں۔ خشخاش اور شیشم کے بیجوں کو الگ الگ خشک بھون لیں۔ ثابت دھنیا اور زیرہ اس قدر بھون لیں کہ وہ اپنی خوشبو چھوڑ دیں۔ پھر انہیں پیس کر پاؤڈر کی صورت دے لیں۔ 

اس ثابت دھنیے اور زیرہ پاؤڈر کو چاٹ مصالحہ، نمک اور کالی مرچ ملا کر ایک باؤل میں ڈال دیں۔ پھر دہی پنیر ملا کر اچھی طرح مکس کر لیں۔ خشخاش شیشم کے بیجوں خشک میوہ جات اور ہرے دھنیے کو چار مختلف پلیٹوں میں ڈالیں۔ اسی طرح پنیر کے بھی چار حصے کر لیں۔ 

ایک پیمانے کا چمچ لے کر تقریباََ نصف کھانے کا چمچ دہی پنیر (پہلے حصے سے لیکر) 9برابر حصوں میں تقسیم کر کے خشخاش ،شیشم کے بیج، خشک میوہ جات اور ہرے دھنیے کے آمیزے کو بھی اسی طرح دہی پنیر کے ساتھ شامل کر لیں۔ (یوں دہی پنیر کے چاروں حصوں سے کل 36بالز بن جائیں گے)۔ احتیاط سے ان بالز کو کوٹنگ میں ریفریجریٹر میں رکھا رہنے دیں۔ٹھنڈا ہونے پر نوش کریں۔

دہی بھلے

اجزاء :

ماش کی دال۔آدھا پائو

زیرہ۔دو چائے کے چمچ

ہرا دھنیا۔دو کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لال مرچ۔آدھا چائے کا چمچ

چاٹ مصالحہ۔ایک چائے کا چمچ

تیل۔حسب ضرورت

ترکیب:

ماش کی دال کو چار گھنٹے تک بھگوئیں اور ادرک کے ساتھ چوپر میں ڈال کر پیس لیں۔ ان میں نمک اور مرچ حسب ذائقہ ڈال کر پیسٹ بنا لیں اور اس کے چھوٹے چھوٹے کباب بنا لیں۔کڑاہی میں دہی بڑوں کے ان کبابوں کو تل لیں۔پھر دہی میں نمک، زیرہ،کٹا ہوا ہرا دھنیا، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔

سرونگ ڈش میں بھلے ڈال کر اوپر دہی کا مکسچر پھیلائیں اور چاٹ مصالحہ اور ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔

دہی پکوڑا چاٹ

اجزاء:

دہی۔ ایک کلو

بیسن۔ ایک پاؤ

لہسن۔ چھ جوئے

پیاز۔ ایک عدد

سبز مرچ ۔چھ عدد

ادرک۔ چھوٹا ٹکڑا

نمک۔ حسب ذائقہ

میٹھا سوڈا۔ ایک چمچ

سیاہ زیرہ ۔حسب ضرورت

گھی ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

پہلے بیسن میں لہسن ،پیاز ،ادرک، ہری مرچ پیس کر ملا لیں اور پھر اس میں سوڈا، نمک ،سرخ مرچ حسب ذائقہ ڈال کر گھول لیں ۔ آدھا گھنٹہ بھیگوئے رکھیںاور اس کے بعد کڑاہی میں تیل کڑاکڑائیں اور آنچ ہلکی رکھیں ۔ اس کے بعد پکوڑیاں تل لیں ۔ بادامی رنگ ہونے پر انہیں نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں ڈالتے جائیں۔ 

دہی میں تھوڑا سا پانی ملا کر اسے خوب پھینٹ لیں اور پھر نمک،مرچ ،سیاہ زیرہ ڈال دیں۔ اب پکوڑیاں نچوڑ کر اس میں ڈالتے جائیں ۔ چند منٹ تک بھیگا رہنے دیں اور اب چاہیں تو اس پر چاٹ مسالہ چھڑک کر نوش فرمائیں ۔ نہایت مزیداردہی کی مصالحہ دا رپکوڑیاں چاٹ تیار ہے۔

چائنیز دہی بھلے

اجزاء:

دہی ۔آدھا کلو

مایونیز۔ایک کپ

کریم۔ ایک پیک

سفید چنے (ابلے ہوئے)۔ ایک کپ

میکرونی (ابلی ہوئی )۔ ایک کپ

آلو ( ابلے ہوئے )۔ دو عدد درمیانے

گاجراور شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی) ۔ حسبِ ضرورت

پیاز(باریک کٹا ہوا)۔ حسبِ ضرورت

چکن (بون لیس ) ۔ایک پاؤ

سفید مرچ۔حسبِ ضرورت

نمک : حسب ذائقہ

ترکیب :

بون لیس چکن کو سویا ساس اور سرکا لگا کر تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں ۔دہی کو ایک باؤل میں ڈال کر پھینٹ لیں لیکن دھیان رہے کہ دہی کھٹا نہ ہو۔ اس میں سفید مرچ اور نمک مکس کریں پھر اس میں کریم ڈال دیںاور مایونیز مکس کریں۔اب اس میں باریک کٹی ہوئی گاجریں اور شملہ مرچ ڈال دیں۔

کٹی ہوئی پیاز،ابلے چنے،ابلے آلو کٹے ہوئےاور ابلی ہوئی میکرونی شامل کریں۔اب فرائی پین میں ایک چمچ کوکنگ آئل ڈالیں۔اس میں سویاساس اور سرکا لگا چکن شامل کر دیں۔تھوڑی دیر کے لئے ڈھک دیںیہ اپنے دم میں گل جائے گا ۔اب اس کو بھی دہی میں شامل کر کے سب چیزیں مکس کرلیں۔تھوڑی دیر فریج میں رکھیں اور اس کے بعد کھا لیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین