اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ائیر بلیوکے کرائے بڑھانے کے معاملے پر ایم کیو ایم کے ارکان اور وفاقی وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی کےمابین شدید تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے اجلاس سے ایم کیو ایم کے ممبران واک آئوٹ کر گئے ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم و قدرتی وسائل کے اجلاس میں ماحول اس وقت گرم ہو گیا جب ایم کیو ایم کےممبران ساجد محمود اور عبدالوسیم نے کہا کہ انہوں نے ائیر بلیوکو زائد کرایہ دیا ہے‘ عبدالوسیم نے وزیرپٹرولیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آ پ کی ائیر لائن ائیر بلیو نے پی آئی اے میں بحرانی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹکٹ مہنگاکردیا‘آپ نے پانچ روپے پٹرول سستا کرکے ہم پر کوئی احسان نہیں کیا ‘ آپ کو شرم آنی چاہیے ‘اس دوران شاہد خاقان عباسی نے ترکی بہ ترکی کہا کہ تم بکواس کررہے ہو شرم تم کو آنی چاہیے‘سخت جملوں کےتبادلوں کے بعد ایم کیو ایم کے دونوںارکان اجلاس سے واک آئوٹ کر گئے‘ ان کے اجلاس سے چلے جانے کے بعد وفاقی وزیر نے بتایا کہ ائیر بلیو میر ی کمپنی نہیں ہے ‘میں نے اڑھائی سال قبل اسے چھوڑ دیا تھااور ایس ای سی پی سے ریکارڈ چیک کیا جائےکہ اس کے شیئر ہولڈرکون ہیں‘ میرے علم میں نہیں ہے کہ ائیر بلیو کسی کولوٹ رہی ہے‘ اگرا یسا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ، فضائی کمپنیوںکی مانٹیرنگ کیلئے سول ایوی ایشن اور مسابقتی کمیشن جیسے ادارے موجود ہیں وہ ان کےخلاف کارروائی کریں‘قائمہ کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین کمیٹی بلال ورک کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں اوجی ڈی سی ایل میں بھرتیوں ، آئل و گیس کی تلاش میں ناقص کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کیخلاف کی گئی کارروائی، ایس این جی پی ایل کے معاملات کا جائزہ لیا گیا‘ وزیر پٹرولیم نے آگاہ کیا کہ تیل وگیس کی دریافت میں ناقص کارکردگی دکھانے والی 11 کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کردئیےگئے ہیں 6کمپنیوں کو شوکاز نوٹس اور9 کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں‘خیبر پختونخوا کو پاور پلانٹ کے لئے 100ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں سمری ای سی سی کو بھجوا دی گئی ہے‘انہوں نے کہا کہ درآمدی ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں تیل کی قیمتیں سب سے کم ہیں۔