• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ مسائل کی آماجگاہ میں تبدیل، صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)حکمرانوں و منتخب نمائندوں کی عدم توجہی،صوبائی دارالحکومت مسائل کی آماجگاہ میں تبدیل،ماضی کا لٹل پیرس دنیا کے پانچویں آلودہ ترین شہر میں شمار ہونے لگا،شہر میں صفائی کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے جابجا تجاوزات کی بھر مار ہے اکثر وسطی و نواحی علاقوں کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں شہر کے مختلف علاقوں کی اسٹریٹ لائٹس ناکارہ اور بعض علاقوں میں تو ناپید ہیں تفریح کے مواقع محدود آبنوشی کا بحران اور بد ترین لوشیڈنگ بھی اسی شہر کے باسیوں کا مسئلہ ہے جو متعلقہ حکام اور منتخب نمائندوں کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے رپورٹ کے مطابق حکام کی عدم توجہی کے باعث کوئٹہ مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے شہر میں صفائی کی صورتحال بھی انتہائی ابتر ہے جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس سے تعفن پھیل رہا ہے اور امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے وسطی علاقوں میں دکانداروں اور ریڑھی بانوں نے بھی جگہ جگہ پر تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے صورتحال اس قدر گھمبیر ہے کہ صبح دوپہر اور شام کے اوقات میں لوگوں کا پیدل چلنا بھی محال ہو کر رہ جاتا ہے جبکہ رہی سہی کسر شہر کی شکستہ حال سڑکوں نے پوری کررکھی ہے جس کی وجہ سے حادثات بھی رونما ہوتے ہیں یہ بھی اسی شہر کا المیہ ہے کہ 30لاکھ کی کثیر آبادی والے شہر میں تفریح کے مواقع انتہائی محدود ہیں چند ایک جو پارک ہیں وہ حکام کی عدم توجہی اور مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہوتے جارہے ہیں شہر میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح اور جابجا غیرقانونی بورنگ کی وجہ سے پانی کا بحران بھی سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے مکین سارا سارا دن پانی کے حصول کی لئے سرگراں گھومتے پھرتے نظر آتے ہیں جبکہ شہر کے اکثر علاقوں کی اسٹریٹ لائٹس بھی ناکارہ ہیں اور بعض علاقوں میں لائٹس کا نام ونشان تک نہیں جبکہ بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ نے بھی لوگوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے اس وقت شہر میں 8سے10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے شہریوں نے جنگ سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ حکمران ترقیاتی کاموں کے جال بچھادینے کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق اسکے برعکس ہیں انہوں نے کہا کہ شہر مختلف مسائل کا شکار ہے لیکن متعلقہ حکام اور عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی اپنی جگہ برقرار ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور بنیادی مسائل حل کئے جائیں بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائیگا ضرورت اس امر کی ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو فی الفور پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ شہر مستفید ہو سکیں-
تازہ ترین