کوئٹہ/مستونگ (نمائندہ جنگ/نامہ نگار ) کوئٹہ میں دوگروہوں کے درمیان تصادم اور رکشے پر فائرنگ کے واقعات میں 10 افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر دو گروہوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا جس کے نتیجے میں پانچ افراد ٹکری غلام رسول ،بشیراحمد ،عبدالحمید ،امان اللہ اورلیویز سپاہی نوید احمد جاں بحق جبکہ پانچ افراد شکیل احمد ،پیرمحمد، ماچی خان اورعبدالحمید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ واقعہ پرانی رنجش کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے ۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ اورمقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔مقتولین کے ورثاء نے ہسپتال کے سامنے لاشوں کے ہمراہ احتجاج بھی کیا اور حکومت و انتظامیہ سے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ علاوہ ازیں ارباب کرم خان روڈ کے قریب شاہ زمان روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے رکشے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رکشہ ڈرائیور اور خاتون سمیت چار افراد پرویز ، فردوس، کامران اور طارق موقع پر جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہوگئی۔ جاں بحق افراد کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر ضروری کا رروائی کے بعد ان کی لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کا تعلق مسیحی برادری سے ہے جو کہ ایسٹر کی سلسلے میں بازار سے خریداری کے بعد گھر جا رہے تھے کہ انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا واردات کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے علاوہ ازیں دشت روڈ سبی پھاٹک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص محمد اعظم جاں بحق ہوگیا پولیس نے ضروری کاروائی کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کری اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔