اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے سپریم کورٹ کے جج،جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی تقرری کیخلاف دا ئر درخواست کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی جبکہ چیف جسٹس نے واضح کیا کہ درخواست گزار آج حاضری یقینی بنائے، اگر آج پیش نہ ہوا تو اس کیخلاف کارروائی کی جائیگی،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی بلو چستان ہائی کورٹ میں براہ راست بطور چیف جسٹس تقرری اور اسی کی بنیاد پر سپریم کورٹ میں بطورجج ترقی کیخلاف ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل184(3)کے تحت دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی تو عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار اپنے والد کی بیماری کی بناء پرحاضر نہیں ہو سکے اور التواء کی درخواست بھیجی ہے ،جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم بار بار کہہ رہے ہیں بلاوجہ مقدمات ملتوی نہیں کئے جائینگے، بعد ازاں فاضل عدالت نے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ درخواست گزار کیس کی سماعت کیلئے اپنی حاضری یقینی بنائے ، اگر وہ آج بھی پیش نہ ہوا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔