گولڈ کوسٹ(نصر اقبال / نمائندہ خصوصی) طویل عرصے تک عالمی اسکواش میں حکمرانی رکھنے والے پاکستان کے موجودہ اسکواش کھلاڑی کامن ویلتھ گیمز میں بری طرح ناکام ہوگئے۔جبکہ بیڈمنٹن سمیت کسی بھی ایونٹ سے کوئی اچھی خبر نہ مل سکی۔ کئی برس سے پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل اسکواش مقابلوں میں نمائندگی کرنے والے فرحان زمان جمعے کو اسکاٹ لینڈ کے کیون موران سےصرف 13منٹ کے مقابلے میں شکست کھاگئے۔ وہ پلیٹ کے رائونڈ 16 میں حصہ لے رہے تھے، ایک روز قبل انہیں صرف13 منٹ میں انگلینڈ کے ول اسٹروپ نے ہرایا تھا۔ پہلا سیٹ صرف ایک منٹ میں5-11، دوسرا دو منٹ میں1-11اور تیسرا سیٹ دس منٹ میں7-11سے ہار گئے تھے۔ انہیں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے طیب اسلم بھی کوئی خاص پرفارمنس نہ دکھاسکے۔ جمعے کو خاتون کھلاڑی فائزہ ظفر پلیٹ آٹھ رینکنگ مقابلے میں کینیا کی خالقہ نجمی سے ہار گئیں، انہوں نے پہلے میچ میں جزیرہ کیمین کی سمانتھا کو 3-0سے ہرایا۔ جمعے کو پاکستان کی مدینہ ظفر نے پاپوا نیو گنی کی لینیٹ کو 3-0سے ہرایا انہوں نے پلیٹ مقابلوں کے اگلے رائونڈ میں رسائی حاصل کر لی۔ پاکستان کے طیب اسلم جمعےکو پلیٹ مقابلے میں شکست کھا گئے۔ گیمز میں دوسرے روز جمعے کو پاکستان کو بیڈمنٹن کے مکسڈ ٹیم ایونٹ میں سری لنکاکے ہاتھوں1-4سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کی ماہور شہزاد نے دل رکشی کو سے ہرایا، ڈبلز میں محمد عرفان اور پلوشا بشیر کو بوانیکا اور کاویڈی جبکہ علی مراد اور محمد عرفان کو جونیکا اور دیاس سچن نے ہرایا۔ مردوں کے سنگل میں علی مراد کو ڈنیوکا نے شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز میں ماہور شہزاد اور پلوشا بشیر کو پرمو دمیکا اور کاویڈی نے زیر کیا۔ پاکستان کے ویٹ لفٹر ابو سفیان نے69کے جی میں 12ویں پوزیشن حاصل کی۔کامن ویلتھ گیمز میں جمعے کو کھیلوں کے اختتام پر میزبان آسٹریلیا 14گولڈ،9 سلور اور 13برانز میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ انگلینڈ نو گولڈ،چھ سلور ،تین برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے، کینیڈا دو گولڈ، چار سلور اور پانچ برانز میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ بھارت چوتھے جبکہ پاکستان 16ویں نمبر پر ہے، جمعے کو آرٹسٹک جمناسٹک کے خواتین ایونٹ میں کینیڈا نے گولڈ، سائیکلنگ کے چار سومیٹر مقابلے میں اسکاٹ لینڈ کے جان رچی، سائیکلنگ ٹریک مقابلے میں ویلز کے لوئیس ڈاکینز نے گولڈ میڈل جیتا ۔ پیراکی میں سو میٹرز بیک اسٹروک میں آسٹریلیا کے بریڈلی ووڈورڈ نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ 200میٹرز فری اسٹائل میں آسٹریلیا کے مارک ہارٹن نے گولڈ میڈل جیتا، ویٹ لفٹنگ میں53کے جی میں بھارت کی سنجیتا کوموکم نے گولڈ میڈل جیت لیا،نیوزی لینڈ نے مینز ٹیم اسپرنٹ میں گولڈ میڈل جیت لیا، انگلینڈ نے سلور اور آسٹریلیا نے برانز میڈل جیتا۔ آسٹریلیا کے اسکواش کے مرد کھلاڑی ٹاپ سیڈ ریان کز کیلی ان فٹ ہونے کی وجہ سے ایونٹ سے دستبردار ہوگئے، خواتین ہاکی میں ویلز نے بھارت کو اور نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا۔ 69کے جی ویٹ لفٹنگ مین ویلز کے گریفتھ نے گولڈ میڈل جیت لیا۔