گولڈ کوسٹ ( نمائندہ خصوصی) روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولیٹج ہاکی میچ ہفتے کو کرارا ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے کھیلا جائے گا۔ میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے ہیں، اس میچ کے لئے گولڈ کوسٹ اور آسٹریلیا کی مختلف ریاستوں میں مقیم پاکستانی اور بھارتی باشندوں نے بڑے پیمانے پر ٹکٹ خریدے ہیں۔ میچ کے لئے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، تماشائیوں پر کڑی نگاہ رکنے کے لئے اسٹیڈیم میں اضافی پولیس کی نفری لگائی جائے گی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے جمعے کو کڑی سیکیورٹی میں مختلف اوقات میں پریکٹس کی۔ تماشائیوں کو صرف اپنے اپنے ملک کے قومی پرچم لانے کی اجازت دی گئی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی ممانعت کردی گئی ہے، کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم کے نزدیک بھی کمانڈوز کو تعینات کیا جائے گا، کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور بھارت دو مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جس میں ایک ایک بار فتح دونوں کا مقدر بنی۔ 2006کے میلبورن گیمز میں پاکستان نے بھارت کو1-4سے شکست دی جبکہ2010میں دہلی کے ہوم گرائونڈ پر بھارت نے پاکستان کو4-7سےہرایا تھا۔ ویلز کے خلاف میچ میں برابری کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف جیتنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹیمنز نے کہا ہے کہ ویلز کے خلاف مسنگ کی وجہ سے ہم گول نہیں کر سکے، کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ اس خامی کو دور کریں، انہوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم آسان نہیں ہے مگر ہم اس کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد رضوان سینئر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف روایتی حریف کا دبائو نہیں ہوگا، کھلاڑیوں نے میچ کے لئے بہت محنت کی ہے۔