• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر میں چھاپہ ، کراچی و حیدرآباد سے اغوا شدہ 4 خواتین بازیاب

سکھر(بیورو رپورٹ) سائٹ ایریا میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر کراچی اور حیدرآباد سے اغوا کی گئی چار خواتین کو بازیاب کرا کر ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، بازیاب کرائے جانے والی چار خواتین میں تین کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے،خواتین کو وومن پولیس سینٹر منتقل کر دیا گیا، خواتین نے کہا کہ انہیں جسم فروشی پر مجبور کیا جا رہا تھا۔ ایس ایس پی سکھر تنویر حسین تنیو کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ دو ہفتے قبل کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے چار خواتین کو لا کر سائیٹ ایریا گلشن اقبال کے علاقے میں ایک مکان میں رکھا ہوا ہے جس پر ایس ایس پی سکھر نے اے ایس پی سائیٹ ایریا عاصم جسراکی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی تشکیل دی جس نے گلشن اقبال کے علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود چار خواتین جن میں کراچی کی رہائشی یاسمین جو کہ دوبچوں کی ماں ہے،مسمات کومل، مسمات عاصمہ عاصمہ اور حیدرآباد کی رہائشی مسمات سکینہ کو بازیاب کرا کر وومن پولیس سینٹر پر منتقل کیا گیا ہے، پولیس نے ایک ملزم زاہد شاہ کو بھی گرفتار کیا ہے، بازیاب ہونے والی خواتین نے وومن پولیس سینٹر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں دو ہفتے قبل کراچی اور حیدرآباد سے نشہ آور اشیاء پلا کر اغوا کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں سکھر لاکر ایک مکان میں قید کردیا گیا انہیں جسم فروشی پر مجبور کیا جا رہا تھا، وہ پریشانی کے عالم میں زندگی گزار رہی تھیں کہ پولیس نے اچانک کارروائی کر کے انہیں بازیاب کرایا ہے، پولیس کے مطابق بازیاب کرائی جانے والی چاروں خواتین کو 6جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، پولیس بازیاب ہونے والی خواتین سے معلومات حاصل کررہی ہے کہ انہیں کس طرح اغوا کیا گیا ہے جس کے بعد ہی پولیس اس حوالے سے مکمل طور پر کوئی معلومات فراہم کر سکے گی، پولیس کے مطابق بازیاب ہونے والی خواتین سے درست معلومات کے بعد ہی کچھ بتایا جا سکے گا جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے تاکہ اصل حقائق کو سامنے لایا جا سکے۔واضح رہے کہ بازیاب کرائی گئی چار خواتین میں تین خواتین کا تعلق کراچی کے مختلف علاقوں اور ایک خاتون کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
تازہ ترین