چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاہورمیں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کےسامنے سڑک کی جگہ پارک بحال کرا دیا۔چیف جسٹس نے قراردیا کہ پارک میں بچے اسی طرح کھیلیں جیسے پہلے کھیلتے تھے۔
سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں اسحاق ڈار کی رہائشگاہ کے باہر پارک کی جگہ پرسڑک بنانے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔
ایل ڈی اے حکام نے پارک کی بحالی سے متعلق اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کردی اوربتایا کہ پارک کی بحالی پر 49لاکھ روپے خرچ ہوئےہیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے پی ایچ اے کو حکم دیا کہ پارک کو اصل حالت میں بحال کیا جائے، بچے پارک میں اسی طرح کھیلیں جیسے پہلے کھیلتے تھے۔
چیف جسٹس نے مزید ریمارکس دیئے کہ اسحاق ڈار نے اپنی درخواست میں پارک ختم کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جس کے بعد عدالت نے اسحاق ڈار کی جانب سے جمع کرایا جانے والا چیک ایل ڈی اے کے حوالے کرکے کیس نمٹادیا۔