• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیوس کپ ٹینس،پاکستان ہوم گرائونڈ کا فائدہ اٹھانے میں ناکام

کراچی (شکیل یامین کانگا /اسٹاف رپورٹر) ازبکستان نے ڈیوس کپ میں پاکستان کو 4-1کی شکست دیکر ورلڈ گروپ میں شمولیت اور ہوم گرائونڈ پر اگلا رائونڈ کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ڈیوس کپ ایشیا اوشیانا گروپ ون کے دوسرے رائونڈ کے پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کو واحد کامیابی جمعے کو ٹائی کے پہلے روز کھیلے جانے والے سنگلز کے میچ میں ملی تھی۔ 4-1 کی بڑی شکست کے بعد پاکستان نے ہوم گرائونڈ پر ڈیوس کپ ورلڈ گروپ میں کھیلنے کا بہترین موقع بھی ضائع کردیا۔ پاکستان اسپورٹس کمپلکس اسلام آباد کے گراس کورٹ پر گروپ ون کا دوسرا رائونڈ ٹائی کے دوسرے روز پاکستان کیلئے تباہ کن ثابت ہوا۔ ڈبلز کے مقابلے میں عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اعصام الحق جو گزشتہ روز زخمی ہونے کے بعد سنگلز میں شکست کھا گئے تھے، اپنے پارٹنر عقیل خان کے ہمراہ قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے۔ مقابلے میں ازبک کھلاڑیوں ڈینس اسٹومناور کریموو جرابیک نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پہلا سیٹ جو کم و بیش آدھے گھنٹے جاری رہا۔ اس میں ازبک کھلاڑیوں نے 6-2سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرے سیٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مزاحمت کی لیکن اس سیٹ میں بھی ازبک کھلاڑی چھائے رہے اور 6-4سے فتح حاصل کرکے ٹائی میں 2-1 کی برتری حاصل کی۔ ریورس سنگلز کے پہلے مقابلے میں پاکستان کے عقیل خان اور ازبک کھلاڑی ڈینس اسٹومن کے درمیان ہوا جس میں ازبک کھلاڑی اسٹومن نے 6-1اور6-3 سے فتح حاصل کیا اور اپنی ٹیم کو 3-1 کی ناقابل شکست برتری دلوا دی۔ کامیابی حاصل کرکے ڈیوس کپ کے ورلڈ گروپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ریورس سنگلز کے دوسرے اور مجموعی طور پر پانچویں مقابلے کیلئے پاکستان کے مزمل مرتضی کو ازبک کھلاڑی سلطانوو نے 6-3 اور 6-1 سے شکست دیکر اپنی ٹیم کو 4-1 کی برتری دلوا دی۔
تازہ ترین