اسپین کے تیسرے بڑے شہر ویلنسیا میں پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں یوم پاکستان کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی اور یوم پاکستان اور ہمارے فرائض کے عنوان سے تقاریر کیں ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان میں تعینات کمرشل قونصلر ڈاکٹر حامد تھے ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام سے کیا گیا، جس کی سعادت چوہدری مظہر مقصود گوندل نے حاصل کی جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض میاں شاہد حمید نے ادا کئے ۔ تقریب سے مہر خالد ، چیئر مین مہر جمشید احمد اور شاہد حمید نے خطاب کیا ۔
پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے چیئر مین مہر جمشید احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان جن قربانیوں کی وجہ اور جس مقصد کے لئے حاصل کیا گیا تھا ہم اُسے بھول چکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو آگے بڑھ کر ملک کی باگ ڈورسنبھالنی ہو گی ۔قیام پاکستان کو 70سال کا عرصہ بیت چکا ہے ،لیکن ہمارے حکمرانوں اور ان کی غلط پالیسیوں نے وطن عزیز کو دن بدن پستی کی طرف دھکیلا ہے ۔ جب تک پاکستان کا عدالتی نظام سست روی اور تاخیر کا شکار رہے گا تب تک ملک کی ترقی میں رکاوٹ رہے گی ، ہمیں امیر اور غریب کے لئے یکساں انصاف مہیا کرنا ہوگا ۔
مہر خالد نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج، یوم پاکستان کے اہم دن ہمیں وعدہ کرنا ہوگا کہ ہم اتفاق و اتحاد کی فضا کو قائم رکھنے کے لئے دن رات کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق و اتحاد کا پلیٹ فارم استعمال کرکے ہم اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل تابناک بنا سکتے ہیں ۔پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے فرمودات کے عین مطابق بنائی گئی ہے تاکہ ہم اپنے ہم وطنوں کے دکھ درد کا مداوا کرسکیں ۔ مہر خالد کا کہنا تھا کہ آج یہاں مختلف شعبوں کے معززین بیٹھے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پاکستان کے قومی دنوں کو ایک ہی پلیٹ فارم سے منعقد کرنے میں خوشی محسوس کرتے ہیں ۔
شاہد حمید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 23مارچ 1940کو قرارداد پاکستان منظور کی گئی اور علامہ اقبال ؒ کے دیکھے گئے علیحدہ وطن کے خواب کو مسلمانوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قیادت میں لاکھوں جانوں کی قربانی دے کر حاصل کر لیا۔ پاکستان کو حاصل کرنے کا اصل مقصد یہ تھا کہ ہم آزاد رہ سکیں اور ترقی کریں ۔ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے کہا تھا کہ کام، کام اور کام لیکن ہم ان کے اس قول کو بھول کر ’شارٹ کٹ ‘کی تلاش میں نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ ہم دوسرے ممالک میں رہتے ہیں لیکن ہمارے دل پاکستانی عوام کے ساتھ ہی دھڑکتے ہیں ۔ہمارا سب کچھ پاکستان میں ہے یہاں تک کہ جب ہم وفات پا جائیں گے تو ہمیں پاکستان لے جا کر ہی دفنایا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے رشتہ دار ،ماں باپ اور بہن بھائی سب پاکستان میں ہیں ہم پاکستان سے وہاں رہنے والوں سے زیادہ محبت کرتے ہیں ۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جاری کرپشن کو ختم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے ۔ یوم پاکستان ہمیں وطن سے محبت کا درس دیتا ہے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی کمرشل قونصلر ڈاکٹر حامد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاک ویلنسیا ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے یوم پاکستان کے پروگرام میں پاکستانی کمیونٹی کے اپنے وطن کے بارے میں خیالات جان کر بہت خوش ہوا ہوں ، انہوں نے کہا کہ آج مقررین نے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی پاکستان بنانے کی ان تھک کوششوں کے بارے میں بات کی میں اُن سب سے متفق ہوں ۔ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے بارے میں ’’ سٹینلے وولمٹ ‘‘ نے کہا تھا کہ اس شخصیت میں وہ صلاحتیں موجود ہیں جو کسی وقت بھی ایک ہجوم کو قوم بنا سکتی ہیں ۔ہمیں قائد اعظم ؒکے فرمودات پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے، تب ہی ہم دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں ۔
ہم پاکستان سے یہاں آپ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے حاضر ہوئے ہیں ۔میں بطور کمرشل قونصلر خدمات سر انجام دے رہا ہوں ،اگر دیار غیر میںکسی پاکستانی کو کسی وقت بھی میری ضرورت ہو تو میں اس کی مدد کرنے کو تیار ہوں ، بزنس کرنا ہو، پاکستان سے کوئی چیز یہاں لا کر فروخت کرنی ہو یا یہاں سے ایکسپورٹ کرنی ہو ، تمام پاکستانیوں کے لئے ہر وقت سفارت خانے کے دروازے کھلے ہیں، جہاں کسی وقت بھی مشورہ اور تعاون حاصل کیا جا سکتا ہے ۔اس موقعے پر سفیر پاکستان نے ٹیلی فون پر تقریب کے شرکاء کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں آپس میں اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے ۔ ہم سب پاکستان کے سفیر ہیں۔
ہمارے اعلیٰ اور مثبت اعمال اور کردار مقامی کمیونٹی کو ہمارے نزدیک لانے کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو تعلیم یافتہ بنائیں ۔ ہمارے اچھے کردار دو اقوام کے درمیان باہمی بھائی چارے کو فروغ دے سکتے ہیں ۔ تقریب کے اختتام سے پہلے یوم پاکستان کے دن کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور اشفاق تارڑ نے پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کرائی ۔
قارئین کرام!
سمندرپار پاکستانیوں کا صفحہ’’بلادی‘‘ پردیس میں بسنے والے ہم وطنوں کے مسائل، سرگرمیوں، خیالات، روزوشب کے معمولات کی عکاسی کرتا ہے،یہ سلسلہ برسہا برس سے جاری ہے۔ ’’بلادی‘‘ آپ کواپنے مسائل، الجھنوں، سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کرنے اوراہم موضوعات پر اظہارِ خیال کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ آپ ہمیں درج ذیل پتے پرتحاریرارسال کرسکتے ہیں:
عصمت علی، انچارج صفحہ بلادی،اخبار منزل،
فرسٹ فلور،میگزین سیکشن، روزنامہ جنگ،
آئی آئی چندریگرروڈ، کراچی۔پاکستان
ای میل ایڈریس :
baladi@janggroup.com.pk