ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی سفارتخانہ ٔ پاکستان کے زیرِ اہتمام نیو اوتانی ہوٹل ٹوکیو میں یومِ پاکستان کی ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی ،جس میں جاپان میں تعینات دیگر ممالک کے سفراء، سفارتکاروں، جاپانی پارلیمنٹ کی اعلیٰ قیادت، حزب اقتدار و حزبِ اختلاف کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، اس موقعے پر جاپان میں مقیم سینئر پاکستانیوں کی چیدہ چیدہ شخصیات کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
تقریب کے آغاز کا وقت دوپہر بارہ بجے تھا مگر جاپانی عوام کسی بھی تقریب میں قبل ازوقت پہنچتے ہیں ،ساڑھے گیارہ بجے کے قریب مہمانوں کی آمد ہوئی تو ہوٹل گارڈن ہال کے مرکزی دروازے پر سفیرِ پاکستان ڈاکٹر اسد مجید ، ڈپٹی چیف آف مشن مرزا سلمان بیگ ، پریس اتاشی،اسسٹنٹ قونصلر ذاکر علی مگنہار اور نعمان میر نے بمعہ اپنی بیگمات کے تمام مہمانوں کا پُر تپاک استقبال کیا ۔ہال کے مرکزی دروازے پر پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر سرکاری و نیم سرکاری اداروں کی جانب سے گلدستے سجائے گئے تھے ۔
تقریب کی نظامت نوجوان قونصلر سیکنڈ سیکریٹری جناب گُل قیصر سروانی نے کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو حکومتِ پاکستان سفارتخانہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی جانب سے خوش آمدید کہا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ریکارڈ شدہ تلاوتِ کلام پاک و انگریزی ترجمے سے کیا گیا ۔بعد از تلاوت گُل قیصر سروانی کی درخواست پر ایک پاکستانی نوجوان نے جاپان کا قومی ترانہ سنایا جبکہ پاکستانی ترانے کے لئے جاپانی خاتون سے درخواست کی گئی ۔
مہمانوں سے کھچا کھچ بھرے ہوئے ہال سے سفیرِ پاکستان نے شہنشاہ جاپان ،شاہی خاندان، حکومتِ پاکستان اور جاپانی عوام کو تعظیم پیش کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔سفیرِ پاکستان نے پہلے جاپانی زبان ،پھر انگریزی اور اردو زبانوں میں خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور یومِ پاکستان کے پسِ منظر سے آگاہ کیا ، اس موقعے پر انھوں نے پاک جاپان سفارتی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1952 سے پاک جاپان کے خوش گوار سفارتی ،تجارتی و سماجی تعلقات ہیں ۔
سفیرِ پاکستان جنھوں نے اپنے سفارتی کیریئر کا آغاز بھی جاپان سے کیا تھا بعد ازاں انھوں نے جاپان کی معروف یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ میں ڈگری حاصل کی تھی اس لئے انھیں جاپانی زبان پربھی مکمل عبور حاصل ہے ، ان کی جاپانی زبان میں ادائیگی پر تمام مہمانوں نے تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ ڈاکٹر اسدمجید پہلے سفیرِ پاکستان ہیں جنھیں جاپانی زبان پر عبور حاصل ہے ۔پاک جاپان پارلیمنٹ فرینڈشپ کے چیئرمین ایتو نےاپنے خطاب میں سفارتخانہ ٔ پاکستان و پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا شمار جاپان کے بہترین دوستوں میں ہوتا ہے جس نے زندگی کے ہر شعبے میں جاپان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور عالمی دہشتگردی کی روک تھام کے لئے پاکستان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے ۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے حکومتِ جاپان و جاپانی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کو یومِ پاکستان کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پاک جاپان کے تعلقات خوشگوار روز بہ روز مستحکم ہو رہے ہیں ۔گزشتہ دنوں جاپان کے وزیرِ خارجہ کونو نے تقریباََ نو سال بعد پاکستان کا سرکاری دورہ کیا، جس میں انھوں نے وزیرِ اعظم پاکستان خاقان عباسی کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اندرونِ ہال پاکستان کی ثقافتی و روایتی اشیاء بھی سجائی گئی تھیں جو مہمانوں کی مرکز نگاہ رہیں۔ تقریب کے بعد مہمانوں کی پاکستانی خوش ذائقہ کھانوں اور روایتی مٹھائیوں سے تواضع کی گئی ۔ یومِ پاکستان کی اس تقریب میں دور دراز سے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور بڑے جوش و خروش سے یومِ پاکستان منایا گیا۔
تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور پاکستان کے حوالے سے ہونے والی پروقار تقریب پر خوشی کا اظہار بھی کیا ، اس موقعے پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ آج بہت خوشی کا دن ہے ،پاکستان کا یوم آزادی جاپان میں منارہے ہیں اور اس تقریب میں جاپان کے نائب وزیرخارجہ سمیت بڑی تعداد میں جاپان کے ارکان پارلیمنٹ شریک ہیں جبکہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات بھی بہترین سطح پر ہیں ۔
گزشتہ ماہ جو دونوں ممالک کے درمیان اکنامک جوائنٹ ڈائیلاگ ہونے والے تھے اور کسی وجہ سے ملتوی ہوگئے تھے وہ اس ماہ پھر منعقد ہورہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا ، ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ اس وقت یہ کہنا مشکل ہوگا کہ کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ ترین حکام ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کرسکیں گے کیونکہ اس وقت پاکستان میں سیاسی حکومت اپنی معیاد مکمل کرنے کے قریب ہے ،لہذا انتخابی ماحول میں دورہ مشکل ہوتا ہے تاہم دونوں ممالک ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور توقع ہے اس میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتری آئے گی ۔
اس موقعے پر تقریب میں کئی ممالک کے سفیر اور دفاعی اتاشی سمیت بڑی تعداد میں حکام شریک تھے ،ایک اندازے کے مطابق تقریب میں پانچ سو افراد موجود تھے ۔ یوم پاکستان کے حوالے سے ایک اور تقریب سفارتخانہ پاکستان میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا ،سفیر پاکستان نے پرچم کشائی کی اور بڑی تعداد میں کمیونٹی اور سفارتی حکام نے قومی ترانا پڑھا ، جس کے بعد سفیر پاکستان نے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔
قارئین کرام!
سمندرپار پاکستانیوں کا صفحہ’’بلادی‘‘ پردیس میں بسنے والے ہم وطنوں کے مسائل، سرگرمیوں، خیالات، روزوشب کے معمولات کی عکاسی کرتا ہے،یہ سلسلہ برسہا برس سے جاری ہے۔ ’’بلادی‘‘ آپ کواپنے مسائل، الجھنوں، سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کرنے اوراہم موضوعات پر اظہارِ خیال کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ آپ ہمیں درج ذیل پتے پرتحاریرارسال کرسکتے ہیں:
عصمت علی، انچارج صفحہ بلادی،اخبار منزل،
فرسٹ فلور،میگزین سیکشن، روزنامہ جنگ،
آئی آئی چندریگرروڈ، کراچی۔پاکستان
ای میل ایڈریس :
baladi@janggroup.com.pk