صباجاوید
دل کش ،دیدہ زیب اور آرام دہ فرنیچر ،گھر کی آرائش کے لیے لازمی جُز ہے اور ناصرف مہمانوں کی آمد پر اچھا تاثر دیتاہے،بلکہ خاتون خانہ کے ذوق وسلیقے کا ضامن بھی ہوتا ہے ۔ فرنیچر روایتی ہو یا جدید ،لیکن اسے آپ کے اسٹائل سے ہم آہنگ ضرور ہونا چاہیے۔ فرنیچر کا ایک اہم حصہ ہیں،’’ صوفے‘‘ ،جو جدیدہوں یااینٹیک اگر آرام دہ نا ہوں تو مہمانوں پر اچھا تاثر نہیں چھوڑتے۔ کمرے کے سائز کی مناسبت سے صوفے کا سائز منتخب کریں۔
اگر کمرہ بڑا ہے تو اس کے لیے قدرے بڑے سائز کا بھاری بھرکم صوفہ خرید سکتی ہیں لیکن یہ اتنا بڑا ہو کہ اسے رکھنے کے بعد کمرہ چھوٹا لگنے لگے اور دوسرے فرنیچر کے لیے جگہ کم پڑ جائے ، نامناسب ہوگا ۔اگر کمرہ چھوٹا ہے تو پھر ہلکا پھلکا ،اسمارٹ طرز کا صوفہ یا کاوچ بہتر انتخاب ہوگا ۔ اس کے علاوہ کمرے میں کشادگی کا تاثر برقرار رکھنے کے لیے تھوڑااونچا اور پتلا صوفہ خرید نامناسب رہے۔
اگر آپ اپنے لیونگ روم کے لیے صوفہ سیٹ کاایک شاندار اسٹائل تلاش کر رہی ہیں تواس کے لیے ہمیشہ مستطیل یا مربع شکلوں پر مشتمل صوفہ سیٹ کا انتخاب کریں،لیونگ روم کے لیے ہمیشہ آرام دہ صوفہ منتخب کریں،جس میں اسپرنگ فوم کا استعمال کیا گیا ہو۔یہ یقیناً آپ کو آرام پہنچائے گا ،کیوں کہ عموماً لیونگ روم کو اہل خانہ ہلکی پھلکی بات چیت اورریلیکس کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
لیونگ روم کے لیے استعمال کیے جانے والے صوفہ سیٹ میں ہمیشہ جیکارڈ کے کپڑے کا استعمال کریں،جبکہ رنگوں کے انتخاب کے لیے دیواروں کے رنگ سے کنٹراز پیسٹل رنگ استعمال کریں جو کہ خوبصورت احساس اور آنکھوں کو تراوٹ بخشےگا ۔ لیونگ روم میں اس احساس کا ہونا بہت ضرروی ہے کیونکہ ہم دماغی سکون محسوس کرنا چاہتے ہیں۔
گھر میں سب سے زیادہ توجہ کا طالب ڈرائنگ روم ہوتا ہے،کیوں کہ مہمانوں کو سب سے پہلے ڈرائنگ روم میں ہی بٹھایا جاتا ہے،اس لیے خاتون خانہ کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ اس کے آشیانے کا مہمان خانہ یا ڈرائنگ روم سب سے منفرد،دلکش اوراُس کے ذوق کا عکاس ہو۔عموماًڈرائنگ روم کو بہترین فرنیچر کے ساتھ بھاری بھرکم پردوں،دبیز قالین اورسجاوٹ کی دیگر اشیاء سے مزین کیا جاتا ہے،لیکن سب سے قیمتی،نمایاں اورمرکز نگاہ صوفہ سیٹ ہی ہوتا ہے،لہذا چاہے آپ صوفہ سیٹ خریدیں یا آرڈر پر اپنی سوچ کے مطابق بنوائیں،لیکن خیال رکھیں کہ ڈرائنگ روم کے لیے صوفہ سیٹ بہترین لکڑی اوراسپرنگ فوم سے تیار کردہ ہواگر لکڑی کا استعمال زیادہ ہو توبھلا لگے گااس سے صوفہ سیٹ میں اینٹیک ٹچ آئے گا ۔
اگر دبیز صوفہ سیٹ چاہتی ہیں تو اس پر ویلوٹ کاکپڑازیادہ خوب صورت اور جاذب نظرہوگا ۔ایک بات کا خیال رکھیں،ہمیشہ صوفے کارنگ کا کمرے کی دیواروں اور قالین کے رنگ سے امتزاج رکھتا ہو۔
مارکیٹ میں ریگزین اور لیدرکے دل کش صوفہ سیٹ بھی دستیاب ہیں،آپ چاہیں تو اپنی پسند کے مطابق دیگر مٹیریل میں بھی مناسب داموں پر بہترین صوفہ سیٹ خرید سکتی ہیں۔