• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یاسر کو صوابی میں مٹی کے گرائونڈ پرکھیلنا مہنگا پڑگیا

  
یاسر کو صوابی میں مٹی کے گرائونڈ پرکھیلنا مہنگا پڑگیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوابی میں مٹی کے گرائونڈ میں یاسر شاہ کو کرکٹ کھیلنا مہنگا پڑ گیا۔ آئر لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز کی تیاری کے لئے یاسر شاہ نے صوابی میں مقامی ٹورنامنٹ کا میچ کھیلتے ہوئے ان فٹ ہوئے۔ عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر کے کولہے کی ہڈی میں ہیر لائن فریکچر ہے۔ انہیں مکمل صحت یاب ہونے کے لئے کم از کم ڈھائی ماہ کا وقت درکار ہیں۔31 سالہ یاسر شاہ کو ایک ماہ صرف سوئمنگ کی اجازت ہوگی اور ایک ماہ مکمل آرام کرنا ہوگا۔ تاہم اس کے بعد چھ ہفتے ری ہیبلی ٹیشن کرانا ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو یاسر شاہ کی ایک اور میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے۔ جس کے بعد بورڈ ان کےبارے میں حتمی میڈیا ریلیز جاری کرے گا۔ پیر کو یاسر شاہ نے لاہور میں پاکستان ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کی۔ تاہم جنگ میں پیر کو شائع ہونے والی اس خبر کی تصدیق ہوچکی ہے کہ یاسر شاہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کے دورے میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی نہیں کرسکیں گے۔ ایم آر آئی رپورٹ میں کولہے میں اسٹریس فریکچر کی تصدیق ہوگئی ہے۔ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی سے 15 مئی کو ڈبلن میں کھیلا جائے جبکہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24-28 مئی کو لارڈز اور دوسرا یکم جون سے پانچ جون کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے تصدیق کی ہے کہ یاسر شاہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ یہ ٹیم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ اس کمی کو پورا کرنے کے لیے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان، آف اسپنر بلال آصف، لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی اور محمد اصغرکو بلایا گیا ہے۔ شاداب خان نے بارباڈوس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا واحد ٹیسٹ کھیلا تھا جس میں انھوں نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دیگر دو کھلاڑیوں نے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ مئی2016 سے اب تک یاسر شاہ نے پاکستان کی جانب سے 17 میں سے 16 ٹیسٹ میچ کھیل کر 89 وکٹیں حاصل کی ہیں۔2016 میں یاسر شاہ نے لارڈز کے میدان پر تاریخی ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس میچ میں کامیابی سے پاکستان انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-2 سے برابر کرنے میں کامیاب ہوا تھا۔ یاسر شاہ نے صرف 17 میچوں میں اپنی 100 ٹیسٹ وکٹیں جبکہ 27 میچوں میں 150 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی تھیں جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا یہ سنگ میل عبور کرنے کا دوسرا تیز ترین ریکارڈ ہے۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انگلش سیزن کے آغاز میں موسم سرد ہوگا اور بارشیں بھی زیادہ ہوتی ہیں اس لئے یاسر شاہ کے موثر ہونے کے امکانات کم ہیں۔

تازہ ترین