• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
دوپہرکا کھانا…اورہرے بھرےسلاد

گرم موسم میں اگر دوپہر کے کھانے کے ساتھ سلاد بھی موجود ہو، تو کھانے کا مزہ ہی کچھ اور ہوتا ہے۔خاص طور پر دال، چاول، آلو گوشت،چاول ،طاہری، پلاؤ وغیرہ کے ساتھ مختلف قسم کے سلاد بہت مزہ دیتے ہیں۔کھانوں کے ساتھ مختلف قسم کی چٹنیاں، سلاد ،رائتے بنانے اور کھانے کا اصل موسم، موسمِ گرما ہی ہے۔ تو لیجیے، آپ کے ہفتے بھر کے لنچ کے لیے تو کچھ جھٹ پٹ تیار ہونے والے سلاد کی تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

رشین سلاد

اجزاء:بند گوبھی (چوپ کی ہوئی)دو کپ، سیب ایک عدد (چوپ کرلیں)،کشمش ایک چوتھائی کپ، تازہ کریم آدھا کپ، نمک حسبِ ضرورت، کالی مرچ (پسی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ، آلو اُبلا ہوا ایک عدد، شہد ایک کھانے کا چمچ اور انڈے (اُبلے ہوئے)دو عدد۔

ترکیب:آلو چوکور پیسز میں کاٹ لیں اور انڈے بھی۔اس کے بعد ایک باؤل میںتمام اجزاء مکس کرلیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔ ذائقے دار رشین سلاد تیار ہے۔

سادہ فروٹ سلاد

اجزاء:کیلے چا رعدد ،خربوزہ ایک عدد، سیب ایک عدد،اسٹرابیری آٹھ، دس عدد، انار دو عدد،دہی چوتھائی کپ، شہد دو کھانے کے چمچ اوردار چینی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:سب سے پہلے دہی اچھی طرح پھینٹ کراس میں شہد اور دار چینی پاؤڈر مکس کردیں۔انار کے دانے الگ کرلیں اور تمام پھل چوکور انداز میں کاٹ کر دہی والے آمیزے میں ڈالیں اور ٹھنڈا کرکے سادہ فروٹ سلاد کا لطف اُٹھائیں۔

اسپیشل فروٹ سلاد

اجزاء:اسٹرابیریز(موٹی کٹی ہوئی) 250 گرام، کیلےچار عدد، کینو کی قاشیں ایک پیالی، اسٹرابیری جیلی کرسٹلز 400 گرام،لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، دہی آدھا کلو ،ونیلا ایسینس چند قطرے، کریم پنیر آدھی پیالی اورچینی(پسی ہوئی )آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب:ایک باؤل میں اسٹرابیریز، کیلے اور کینو کاٹ کر مکس کرلیں۔ پھرجیلی کرسٹلز بنا کر جَمنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اب ایک پیالے میں دہی پھینٹ کر باقی اجزاء اچھی طرح مکس کریں اور ساتھ ہی پھل بھی شامل کردیں۔ آخر میں جیلی کے پیسز ڈال کر خوب ٹھنڈا کرلیں۔لیجیے، ٹھنڈا ٹھار سلادسرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

کھٹ مِٹھی سلاد

اجزاء:مولی آدھا پاؤ، گاجر دو عدد، سرکہ حسبِ ضرورت، نمک حسبِ ذائقہ، سیاہ تِل ایک چائے کا چمچ اور کینو کے چھلکے حسبِ منشاء۔

ترکیب:مولی اور گاجر کش کر کےٹھنڈے پانی میں ڈال کر تقریباً 20منٹ تک بھگو دیں۔ اس کے بعد چھان کرایک باؤل میں ڈال لیں۔ پھر نمک مکس کریں اور اوپر سے سیاہ تِل اور کینو کے چھلکے سے سجاکر سرکہ چھڑک دیں۔مزے دار سلاد تیار ہے

اسپائسی سلاد

اجزاء:سفید لوبیا دو کپ، لال لوبیا دو کپ، کابلی چنے دو کپ، شملہ مرچ ایک عدد، مولی چھے عدد، ہری پیاز(چوپ کی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ،سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ٹماٹو کیچپ ایک کھانے کا چمچ، زیتون کا تیل دو کھانے کے چمچ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ، لہسن (کوٹ لیں)آٹھ سے دس جوے، ہاٹ پیپر سوس چائے کا ایک چمچ اور نمک حسب ذائقہ۔

ترکیب:پہلےچنے،لال اور سفید لوبیا اُبال لیں،جب گل جائیں، تو پانی نتھار کر ایک پیالے میں رکھ دیں۔ اب شملہ مرچ کے بیج الگ کر کے ترچھا کاٹ لیں اور مولی بھی باریک قتلوں کی صورت کاٹ کران میں لوبیا، چنے اور ہری پیاز شامل کردیں۔ ایک دوسرے پیالے میں زیرہ، کیچپ، تیل، سرکہ، لہسن، نمک اور ہاٹ پیپر سوس شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں اور پھر سبزیاں ،لوبیا اورچنے شامل کردیں اور ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔ (صائمہ علی، کراچی)

تازہ ترین
تازہ ترین