کوئٹہ (نمائندہ جنگ ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاہے کہ ہم نے انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے ہیں ۔فیصلوں کیلئے محنت کرناپڑتی ہےبلوچستان کے ججز اور وکلاء نے جو عزت اور محبت دی اس کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ بار روم میں سپریم کورٹ کے ججز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم تقریر نہیں کرتے بلکہ بات چیت کرتے ہیں آج دو انہونی باتیں ہوئی ہیں جس میں سے ایک کاذکر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کیاکہ آج سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں دائر آخری کرمنل اپیل کو نمٹا دیاگیاہے جس کے بعد کرمنل اپیلوں کی تعداد صفر ہوگئی ہے۔ تاہم کرمنل پٹیشنز کی پینڈنسی کبھی زیرو نہیں ہوسکتی کیونکہ روز روز نئی پٹیشنز داخل ہوتی ہیں اس وقت زیادہ سے 40سے50پٹیشنزہیں جنہیں ایک ہفتے میں ہم انشاء اللہ نمٹاسکتے ہیں۔ اب پچھلے ہفتے کراچی میں ہم نے یہ سنگ میل عبور کیا اس کیلئے اللہ تعالیٰ کی مہربانی ،ججز صاحبان اور بھائیوں کی دن رات کی محنت ہے ،آپ نے دیکھا ہوگاکہ کس طرح کیس کو پڑھاجاتاہے بعض اوقات تو ہمیں محسوس ہوتاہے کہ وکیل سے بھی زیادہ کیس کو ہم نے پڑھا ہے لیکن فیصلے کرنے کیلئے محنت کرنی پڑتی ہے اس کے علاوہ بھرپورتعاون وکلاء کا ہے اس کے بغیر یہ ممکن ہی نہیں میں شکرگزار ہوں کہ اس پورے ہفتے میں ایک بھی کیس ملتوی نہیں ہوا۔