ادبی و ثقافتی تنظیم، قلم قافلہ اسپین، ریڈیو پاکسلونا اور اہل قلم کے زیر اہتمام عہد حاضر کی شاعرہ ’نوشی گیلانی کے نام ایک شام ‘بارسلونا شہرکے تاریخی میوزیم میرتیمو ہال میں منعقد ہوئی ، جس میں پاکستانی خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام قونصل جنرل بارسلونا عمر عباس میلہ تھے ،جبکہ پاکسلونا کلچرل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر راجہ شفیق کیانی ،شاعرہ ڈاکٹر ارم بتول قادری اور صدر قلم قافلہ اسپین ارشدنذیر ساحل اور دیگر مہمانوں نے تقریب میں شرکت کی اور تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دیئے ۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی انہوں نے نعتیہ اشعار بھی پیش کئے ۔تقریب کی نقابت کے فرائض جنرل سیکریٹری قلم قافلہ حافظ احمد نے احسن انداز سے سر انجام دئیے ، انہوں نے دیار غیر میں اردو ادب کی خدمات کے لئے ہونے والی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ دوسرے ممالک میں رہ کر ہم اپنی قومی زبان اردو کی ترویج کا کام اس وقت بہتر انداز میں سر انجام دے سکتے ہیں ۔تقریب میں پاکستان سے معروف شاعرہ نوشی گیلانی خصوصی طور پر بارسلونا پہنچی تھیں ، اس موقع پر ڈاکٹر ارم بتول قادری نے نوشی گیلانی کی شخصیت، اردو ادب میں اُن کی خدمات اور فن شاعری پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ،شاعرہ نوشی گیلانی نےکلام سنا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
اسپین میں مقیم پاکستانی شوبز کی معروف شخصیت اور سینئر گائیک جمی شیخ نے ملی نغمہ پیش کیا جسے سن کر حاضرین نے انہیں بھر پور داد دی ۔ مقامی شعراء جن میں ڈاکٹر ارم بتول قادری ،ارشد نذیر ساحل ،فیاض ملک ،ڈاکٹر عرفان مجید راجہ ،سید قیس رضوی ،پروفیسر آفتاب شیخ ،افضال بیدار ،شاہد احمد اور فاروق شائق شامل تھے، انہوںنے بھی تقریب میںاپنا کلام سنایا اور خوب داد سمیٹی ۔قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں تعینات قائم مقام قونصل جنرل عمر عباس میلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی ہوئی ہے کہ ہم نے یوم پاکستان کے عنوان سے منعقد تقریب میں معروف شاعرہ نوشی گیلانی کو مدعو کیا ، انہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے اظہار خیال میں تحریک پاکستان کے لئے قربانیاں پیش کرنے والے ہیروز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُن ہیروز کی قربانیوں سے ہی ہمیں آزاد مملکت حاصل ہوئی ہم آج کے دن ان ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں ۔پاکسلونا کلچرل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر راجہ شفیق کیانی نے تمام خواتین و حضرات کا شکریہ ادا کیا کہ جن کی آمد سے ایک کامیاب ترین تقریب کا اہتمام ہوا۔