• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


یوم پاکستان کی تقریبات

رپورٹ… رانا اسلم شاہین

پاکستان اور بحرین مضبوط رشتے میں بندھے ہیں، (قائم مقام سفیر پاکستان)

بحرین میں بھی ’یوم پاکستان‘ ملی جوش و خروش کے ساتھ شایان شان انداز میں منایا گیا۔ اس حوالے سےسب بڑی تقریب سفارتخانہ پاکستان اور پاکستان کلب بحرین میں منعقد ہوئی ۔ سفارتخانہ پاکستان میں قائم مقام سفیر اور ہیڈ آف چانسری مراد علی وزیر نے پرچم کشائی کی جبکہ پاکستان نیوی کے آفیسرز نے قومی پرچم کو سلامی دی۔اس موقعے پربحرین میں تارکین وطن کی کثیر تعداد کے علاوہ سماجی اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔ 

تقریب میں نظامت کے فرائض کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سفارتخانہ پاکستان ،بحرین سعد بن رفیق نے سرانجام دیئے، جبکہ قائم مقام سفیر سفارتخانہ پاکستان و ہیڈ آف چانسری مراد علی وزیر نے یوم پاکستان کے حوالے سے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کے پیغام پڑھ کر سنائے ۔ اس موقعے پر یوم پاکستان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

یوم پاکستان کی تقریبات

پاکستان ایمبیسی اور پاکستان کلب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سفیر پاکستان مراد وزیر علی نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں تاریخی قرقرداد کی یاد دلاتا ہے جب عہد کیا گیا تھا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر برصغیر میں مسلمانوں کے لئے ایک الگ ملک قائم کیا جائے گا۔ اور پھر 7 سال کی مسلسل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے ایک ملک دنیا کے نقشے پر معرض وجود میں آیا۔ 

انھوں نے کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ میں جدوجہد پاکستان اور قیام پاکستان کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے دو طرفہ تعلقات پاکستان کے قیام کے بعد سے قائم ہیں ۔ دونوں ممالک مذہبی اور روحانی اعتبار سے بھائی چارے کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں ۔ اس موقعے پرپاکستان اسکول بحرین کے طلبہ نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔

یوم پاکستان کے حوالے سے دوسری تقریب پاکستان کلب بحرین میں منعقد ہوئی ،جس میں قائم مقام سفیر پاکستان مراد وزیر علی اور قائم مقام چیئرمین پاکستان کلب افضل بھٹی نے پرچم کشائی کی ۔ بعدازاں پاکستان کلب میں منعقدہ تقریب میں جنرل سیکریٹری پاکستان کلب قاری سمیع الرحمن اور افضل بھٹی نے بھی خطاب کیا اس موقعے پر اوورسیز پاکستانیوں کی کثیر تعداد کے علاوہ سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی ۔

دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، (سفیر پاکستان)

لبنان میں بھی یوم پاکستان کے سلسلے میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام پاکستان ایمبیسی میں جبکہ شام کی تقریب میں صدر اور وذیراعظم کی پیغام پڑھ کر سنایاگیا۔شام کی تقریب میں بڑی تعداد میں ڈیپلومیٹک کمیونٹی لبنان کے صدر، وزیر اعظم اورا سپیکر کے نمائندوں سمیت ممبران قومی اسمبلی، میڈیا، گورنمنٹ افسران، کاروباری افراد سمیت سماجی شخصیات نے شرکت کی ۔ 

یوم پاکستان کی تقریبات

چھ پاکستانی موسیقاروں میں وائلنسٹ استاد رئیس احمد، طبلہ نواز استاد اجمل اور دیگر نے تقریب میں اپنے فن کامظاہرہ عربی اور پاکستانی دھنوں پر کیا جسے حاضرین نے بہت پسند کیا۔

سفیرپاکستان آفتاب کھوکھر نے اپنی تقریر میں پاکستان کے قومی دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیےخود مختاری کے حصول کے لئے جدوجہد کی بنیاد رکھی۔ 

پاکستان اپنے اس ستر سال کے سفر کے بعد، دنیا کے نقشہ پر ایک مکمل جمہوری، مستحکم اور ابھرتی ہوئی معیشت اور ایک عملی معاشرے کے طور پر نمایاں ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لبنان کے گہرے دوستانہ تعلقات باہمی ہم آہنگی اور احترام کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کو دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانےکی ضرورت ہے ۔پاکستان سے موسیقاروں کی آمد دونوں ممالک کے لوگوںمیں سماجی رابطہ بڑھانےکی کوشش ہے۔


تازہ ترین