• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
 اب دل لگا کر فلموں میں اداکاری کروں گی، کومل رضوی

ٹی وی کی ایکٹریس و سنگر کومل رضوی نے کہا ہے کہ شوبز کی دنیا میں جو فٹ ہے، وہی ہٹ ہے۔ گلوکاری کے شعبے میں بہت کام کیا اور خوب نام کمایا۔ اب میری توجہ اداکاری پر ہو گی اور میرے مداح بہت جلد مجھے سینما اسکرین پر فلموں میں اداکاری کرتے دیکھیں گے۔

گلوکاری سے میرا عشق ہے، اسے کبھی چھوڑ نہیں سکتی۔ اس لیے اداکاری کے ساتھ گلوکاری بھی جاری رہے گی۔ میوزیکل شوسے مجھے بین الاقوامی شہرت ملی۔ ’دانے پہ دانہ‘،’ لمبی جدائی‘،’ دھمال‘ وغیرہ کی فرمائش بیرونِ ملک کنسرٹس میں بہت زیادہ کی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر امریکا سے واپسی پرجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 اب دل لگا کر فلموں میں اداکاری کروں گی، کومل رضوی

کومل رضوی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ امریکا کی مختلف ریاستوں میں صوفیانہ اور عارفانہ کلام کی بہت مقبولیت ہے۔ کئی ماہ امریکا میں گزارے اور درجنوں کنسرٹس میں برصغیر کی صوفی موسیقی پیش کر کے امن کا پیغام دیا۔ پاکستان واپس آکر دیکھتی ہوں کہ ہماری فلمیں بہت اچھی بن رہی ہیں اور وہ آسکر ایوارڈ تک رسائی حاصل کر رہی ہیں۔ اس لیے میں نے بھی فیصلہ کیا ہے کہ اب دل لگا کر فلموں میں اداکاری کرنی ہے۔

کومل رضوی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میں کم عمری ہی میں شوبز کی چمکتی دمکتی دنیا سے منسلک ہو گئی تھی۔ حیدر امام رضوی کے ڈرامے’ ہوائیں‘ سے مجھے پہچان ملی لیکن اس وقت میں بہت چھوٹی تھی۔ میں نے بھارت کے صف اول کے فنکاروں کے انٹرویوز بھی کیے ہیں جو انٹرنیشنل چینل وی پر نشر کیے گئے۔

ان کا کہنا ہے ’ میں شہرت کے پیچھے کبھی نہیں بھاگی۔ اپنی مرضی سے کام کرتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی دو تین برس کا وقفہ کر کے آتی ہوں تو اپنے ساتھ نئے گیت، ان کی ویڈیوز اور کچھ نئے آئیڈیاز کے ساتھ کام شروع کرتی ہوں۔

میری تربیت میں میرے والدین نے بھرپور توجہ دی۔ میرے والد اور بھائی، حسن رضوی نے شوبز میں میری بھرپور معاونت کی۔

تازہ ترین