• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ میں مقامی حکومت کے نمائندگان کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کاانعقاد

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز اورسالار فائونڈیشن کی جانب سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کااہتمام کیا گیا جس میں ضلع کوئٹہ کی مقامی حکومت ‘تعلیم ، صحت اور فراہمی ونکاسی آب کے محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی ورکشاپ کا انعقاد یورپی یونین کے پراجیکٹ’’ترقی یافتہ پاکستان کیلئے جمہوری مقامی طرز حکمرانی‘‘ کے تحت کیا گیا جس میں سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز( سی پی ڈی آئی) اور فریڈرک نومن فائونڈیشن( ایف اینڈ ایف) باہمی شراکت دار ہیں۔ سی پی ڈی آئی کے پروجیکٹ کوارڈینیٹر رزاق بلوچ نے بتایا کہ ورکشاپ کا مقصد شرکاء کو اچھی حکمرانی اور شراکتی ترقی کے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے ۔ ورکشاپ میں آنے والے شرکاء کو صوبائی حکومت کے ساتھ بات چیت کی مہارت اور معلومات تک رسائی کے حق کے قوانین کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اکائونٹ آفیسر میٹروپولیٹن کوئٹہ وحید بادینی نے یورپی یونین اور پراجیکٹ کے پارنٹر ز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے لوکل سطح پر اچھی حکمرانی اور شراکتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر واسا،کونسلر معصومہ احمد نے بھی سی پی ڈی آئی اور سالار فائونڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اس ٹریننگ سے انہیں صوبائی سطح پر مذاکرات کرنے اور اپنی ترجیحات پیش کرنے کے حوالے سے اچھی تجاویز ملی ہیں۔ سالارفائونڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسلام خان نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد، شفاف بجٹ کے ساتھ پلاننگ کے عمل اور مقامی ترقیاتی مسائل پر صوبائی حکومت کے ساتھ بات چیت کیلئے مقامی حکام کی مدد کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹریننگ ان اقدامات کاحصہ ہے جن سے متعلقہ ا ضلاع میں مقامی مسائل کو متعلقہ حلقوں میں حل کرنے کیلئے مقامی حکام کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی ۔ ورکشاپ کے شرکاء نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ انسانی وسائل کی صلاحیتوں کو فروغ سے ہی مقامی طرز حکمرانی میں مثبت تبدیلی ممکن ہے ۔ شرکاء نے یورپی یونین کا شکریہ ادا کیا جس نے کوئٹہ میں مقامی حکومت کے فروغ کیلئے اس پراجیکٹ کیلئے فنڈز مہیا کئے۔
تازہ ترین