دمام ، سعودی عرب (جنگ نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات کی جس میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شاہد خاقان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر دفاع خرم دستگیر بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون دمام میں اختتام پذیر ہوئیں جسے وزیراعظم ، آرمی چیف اور وزیر دفاع نے بھی دیکھا ، پاکستان کی جانب سے ایس ایس جی کے کمانڈوز، پاک فضائیہ کے سی ون 30؍ اور جے ایف 17؍ تھنڈر لڑاکا طیارے مشقوں کا حصہ رہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں اہم دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات فوجی مشقوں گلف شیلڈ ون کی اختتامی تقریب کے موقع پرہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی شاہ سے ملاقات میں کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کیلئے سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ملاقات میں سعودی فرمانروا نے بھی پاکستانی عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ مشترکہ فوجی مشق گلف شیلڈ ون دمام میں اختتام پذیر ہو گئی جس میں 24؍ ممالک کے فوجی دستوں نے حصہ لیا۔