عموماً اتوار کو لنچ ہو یا ڈنرتقریباً ہر گھر ہی میں روزمرّہ کے پکوانوں سے ہٹ کر کچھ خاص اہتمام ضرور کیا جاتا ہے۔ اور یہ دعوت اگر ہماری طرف سے ہو، تو پھر کوئی عام دعوت تو نہ ہوگی ناں، تو لیجیے، اس بار آپ کے دسترخوان کی رونق بڑھانے کے لیے ہم کچھ مختلف، آسان، مگرذرا تیکھے، نمکین اور چٹ پٹے کھانوں کی تراکیب لیے حاضرِخدمت ہیں۔
روٹی حلیم
اجزاء:رات کی روٹیاں(پانی میں بھگو کر رکھ دیں)چھے سے سات عدد، مسور، ماش اور چنے کی دال ایک ایک مُٹھی (رات بَھر کی بھیگی ہوئی)، گوشت(بغیر ہڈی کا) آدھا کلو، پیاز درمیانے سائز کے دو عدد، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، اجوائن ایک چائے کاچمچ،لال مرچ حسبِ منشاء، ہلدی ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ،ہری مرچیں (باریک کاٹ لیں)چار عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی اور تیل۔
ترکیب:سب سے پہلے روٹیوں کا ملیدہ بنالیں اور دالیں بھی گرائنڈ کرلیں۔ اب ایک دیگچی میں پیاز براؤن کرکے ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر سُنہرا کریں، پھر گوشت ڈال کر اچھی طرح بھون لیں اور دیگر مسالے شامل کرکےمزید بھونیں ۔اب اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت گل جائے۔ گل جانے پر دالیں اور ساتھ ہی ایک سے دو گلاس پانی شامل کرکے اتنا پکائیں کہ تمام اجزاء یک جان ہوجائیں۔پھر روٹیوں کا ملیدہ شامل کرکے چمچ کی مدد سے اچھی طرح مکس کرلیں۔اس کے بعد حسبِ ضرورت پانی ڈالیں اور درمیانی آنچ پرپکنے دیں۔ جب خوب گاڑھا ہوجائے،تو چولھے سے اُتار لیںاور کٹی ہوئی ہری مر چیں اور ہرا دھنیا چھڑک دیں۔لیجیے، روٹی حلیم تیار ہے۔
تیکھا حلیم
اجزاء:گوشت آدھا کلو، چنے کی دال ایک چھٹانک،چاول ایک چھٹانک، مسور اور مونگ کی دال ایک ایک مُٹھی،ہری مرچیں (باریک کاٹ لیں)چار عدد، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ،پیاز بڑے سائز کے(آدھاکپ فرائی کرلیں اور باقی کاٹ لیں)چار عدد، پیاز دو عدد،نمک حسبِ ضرورت،سُرخ مرچ(پسی ہوئی)تین کھانے کے چمچ ،ہلدی ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا،ہرا دھنیا ایک گڈی، لیموں حسبِ ضرورت، چاٹ مسالا تھورا سااور تیل۔
ترکیب:ایک رات قبل تمام دالیں اور چاول بھگو کر رکھ دیں اور صبُح گرائنڈ کرلیں۔ اب ایک دیگچی میں تیل گرم کرکےپیاز براؤن کریں۔پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر بھونیں۔یہاں تک کہ خوشبو آنے لگے، پھر گوشت ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اور اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت گل جائے۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے، تو اس میں دالیں ڈال کر حسبِ ضرورت پانی مکس کریں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ تمام اجزاء یک جان ہوجائیں،تو گھوٹ لیں۔آخر میں چاٹ مسالا، فرائی پیاز اور لیموں چھڑک دیں۔
دال پلاؤ
اجزاء:چاول آدھا کلو،چنے کی دال (رات بَھر کی بھیگی ہوئی)ایک کپ،گوشت(بغیر ہڈی کا) تین پاؤ،پیاز دو عدد،سفیدزیرہ ایک چائے کا چمچ،ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ،ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی)چھے سے آٹھ عدد،ہلدی آدھا چمچ،ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،آلو بخارےچار عدد ،دہی آدھا کپ،دودھ ایک پاؤ اور تیل۔
ترکیب: تیل گرم کرکے پیاز براؤن کرلیں اور ادرک، لہسن کا پیسٹ، سفید زیرہ، ثابت گرم مسالا اور ہری مرچیںڈال کر براؤن ہونے تک فرائی کریں۔ اب گوشت ڈال کر تھوڑا سا بھون کر ہلکی آنچ پر گلنے کے لیے رکھ دیں۔ اگر ضرورت محسوس ہو، تو حسبِ منشاء پانی بھی ڈال سکتی ہیں۔جب گوشت گل جائے، تو دال ڈال کر تھوڑا سا بھونیں اورساتھ ہی آلوبخارے بھی ڈال دیں۔اب اس میں چاولوں کے حساب سے پانی ڈال کر اُبال لیں اور چاول ڈال دیں۔ جب پانی خشک ہونے لگے، تودودھ ڈال کر دَم دے دیں۔مزے دار دال پلاؤتیار ہے۔
حیدرآبادی دلیہ
اجزاء:گوشت(بغیر ہڈی کا)آدھا کلو،چنے کی دال(رات بَھر کی بھیگی ہوئی) ایک پاؤ، جَو کا پیسٹ حسبِ ضرورت، پیاز دوعدد ،ہری مرچ(باریک کٹی ہوئی)دو عدداورادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ۔
ترکیب: ایک پتیلی میں چار گلاس پانی ڈالیں اور اس میں تمام اجزاء شامل کر کے پکنے دیں۔اگر ضروت محسوس ہو تو مزید پانی شامل کرسکتی ہیں۔جب گوشت اور دال گل جائے، تو گھوٹ لیں۔اب چولھے سے اُتار کر ایک برتن میں ڈالیں اور اوپر سے ہری مرچیں چھڑک دیں۔
(ممتاز سلطانہ، حیدرآباد)