ایک ہفتے میں شہباز شریف اور چوہدری نثار کی چوتھی ملاقات ہوئی ، صدر ن لیگ شہباز شریف چوہدری نثار سے ملنے خصوصی طیارے میں لاہور سے اسلام آباد پہنچے، دونوں کے درمیان دو گھنٹے تک بات چیت ہوئی، چوہدری نثار نے اختلافات بھلانے کے لیے مشروط آمادگی ظاہر کردی ۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے خصوصی طیارےپرلاہور سے اڑان بھری اور چکلالہ ائیر بیس پہنچے، وہاں سے ہیلی کاپٹر لیا اور اپنے دوست چوہدری نثار علی خان سے پنجاب ہاؤس اسلام آبادمیں ملنے کیلئے پہنچ گئے۔
ذرائع بتاتےہیں کہ چوہدری نثار پہلے سےدوست کے منتظر تھے اور پنجاب ہاؤس کی راہداریوں میں ٹہل رہے تھے، دونوں رہنما اکیلے سرجوڑ کر بیٹھ گئے اور دو گھنٹےخوب راز و نیاز ہوا، ملاقات ختم ہوئی، شہباز شریف نے فوری واپسی کی اڑان بھر لی۔
ذرائع کادعویٰ ہے کہ چوہدری نثارعلی خان پارٹی کے ساتھ اپنے تحفظات اوراختلافات بھلانے کو تیار ہیں لیکن اب صرف ایک شرط ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف کے ساتھ پارٹی کےتاحیات قائد میاں نوازشریف بھی ان کے گھر چل کرآئیں تو وہ مان جائیں گے، آگے کیسے چلنا ہے یہ سب بھی طے ہوجائے گا ۔