• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو ٹیوب نے 40 برس بعد بچھڑے ہوؤں کو ملادیا

یو ٹیوب نے 40 برس بعدبچھڑے ہوؤں کو ملادیا

کُھمدرام گمبھیر سنگھ کی عمر اُس وقت 26 برس تھی جب وہ 1978 میں ملک کی شمال مشرقی ریاست منی پور کے شہر امپھال میں اپنا گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا اور چار دہائیوں تک اس کے خاندان کو اس کی کوئی خبر نہ ملی تھی۔

پھر ممبئی کی ایک سڑک پر ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو آن لائن نظر آئی جس میں سفید بالوں والا ایک شخص بالی وُڈ کا ایک مشہور گانا گاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ ممبئی امپھال سے قریب ساڑھے تین ہزار کلومیٹر دور ہے۔

اس ویڈیو میں گانا گانے والا شخص خود کو کُھمدرام گمبھیر سنگھ کے نام سے متعارف کراتا ہے اور اپنا تعلق منی پور سے بتاتا ہے۔ اس ویڈیو کو ایک شخص نے دیکھا تو اس نے امپھال کی ایک تنظیم کو اس بارے میں بتایا اور اس مقامی تنظیم نے گمبھیر کے خاندان کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

اس خاندان کے افراد نے اسے اپنے لاپتہ رشتے دار کے طور پر پہچان لیا۔ پھر امپھال کی پولیس سے اس بارے میں رابطہ کیا گیا جس نے ممبئی پولیس سے اس شخص کو تلاش کرنے کی استدعا کی۔ ممبئی پولیس کو یہ شخص باندرا کے علاقے میں نا گفتہ بہ حالات میں رہتا ہوا مل گیا۔

فیروز شاکر ایک فوٹوگرافر ہیں اور انہوں نے یہ ویڈیو گزشتہ برس اکتوبر میں ریکارڈ کر کے یو ٹیوب پر ڈالی تھی۔ شاکر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا’وہ ہندی گانے گا کر اور بھیک مانگ کر اپنی گزر اوقات کرتا تھا۔‘

شاکر کے مطابق اس وقت 66 سالہ گمبھیر نے اسے بتایا کہ وہ پہلے ایک مزدور کے طور پر کام کرتا رہا تھا مگر چند حادثوں کے بعد اس نے شراب نوشی شروع کر دی اور پھر اس حال تک پہنچ گیا ۔

شاکر اسے اکثر دیکھا کرتا تھا اور ایک دن اس نے سنگھ کی ویڈیو بنا کر اسے یو ٹیوب پر شیئر کر دیا جو اس شخص کو اس کے گھر والوں سے ملانے کا ذریعہ بن گئی۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق گمبھیر ایک سابق فوجی افسر ہے جسے اس کی شادی کے کچھ ہی عرصے بعد اس کی بیوی سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اس کے کچھ عرصے بعد وہ لاپتہ ہو گیا تھا۔

تازہ ترین