• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاضمے کے لیے انناس کے حیرت انگیز فائدے

انناس کھائیں، ہاضمہ بڑھائیں

انناس جسے انگریزی میں پائن ایپل کہا جاتا ہے منفرد ذائقے کا حامل سدا بہار پھل ہے ۔اپنے لذیذ ذائقے کے ساتھ ساتھ یہ انسانی صحت کے لئے بے شمار فوائد سے مالامال ہے۔ماہرین کے مطابق انناس کھانے سے ہاضمہ بہتر رہتا ہے ۔اس میں موجود وٹامن سی صحت کے لئے نہایت مفید ہیں۔اسی طرح یہ جلد کیلئے بھی فائدہ مندثابت ہوتا ہے۔جوڑوں کی تکلیف سے نجات کیلئے بھی یہ بہتر سمجھا جاتا ہے ۔

تحقیق سےثابت ہوا کہ یہ پھل کینسرکے خلاف لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ دل کی بیماریوں میں ڈاکٹر اسے کھانے کا مشورہ دیتے ہیں ۔جبکہ یہ دمہ کے مریضوں کیلئے بھی فائدہ مندرہتا ہے ۔ اسی طرح اسے یرقان کے مرض میں بھی مفید سمجھاجاتا ہے ۔عصر حاضر میں پائن ایپل مختلف کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کا جوس دنیا بھر میں پسند کیاجاتا ہے ۔

انناس سےمختلف پکوان بنائے جاتے ہیں جن کی تراکیب قارئین کی نذر ہیں۔

انناس کا مزعفر

اشیاء۔

انناس۔ ایک عدد

بادام کی گری۔ آدھا چھٹانک

چاول ۔ ایک کلو

زعفران ۔آدھا ماشہ

لیموں۔ ایک عدد

گھی ۔آدھا کلو

دودھ ۔آدھا پاؤ

شکر ۔دو کلو

کشمش۔ دو تولہ

ترکیب۔

دوسیر پانی میں انناس کاٹ کر ڈالیں اور ابال لیں۔ جب عرق نکل آئے تو پانی چھان کر اسی میں شکر ملا دیں۔ قوام بنا کر دودھ کے چھینٹے لگا کر صاف کر یں۔ جب ایک چوتھائی پانی رہ جائے تو ایک لیموں کا رس نچوڑ دیں۔ اس کے بعد چاولوں کو ایک گھنٹہ کیلئے پانی میں بھگو دیں، بعدازاں انہیں کسی دیگچی میں ڈال کر ابال لیں۔ ایک ماشہ زردے کا رنگ، ہری الائچی پانچ عدداور پانچ عدد لونگ کسی باریک کپڑے میں رکھ کر پوٹلی بنا لیں اور اس کو چاولوں میں ڈال دیں تاکہ چاولوں کے ساتھ ابل کر ان کا عرق نکل جائے۔ بعدمیں یہ پوٹلی نکال لیں۔ جب چاولوں میں تین کنی رہ جائے تو ان کو کسی کپڑے میں چھان کر کسی دوسرے برتن میں ڈال دیں اور جو قوام تیار رکھا ہے اسے کسی بڑے چمچ سے چاروں اطراف میں پھیلا دیں۔

پھر دیگچی کو آٹے سے بند کر کے انگاروں پر لگا دیں۔ سر پوش پر بھی انگارہ لگا دیں۔ جب بھاپ پھوٹنے لگے تو کھول کر دیکھیں اگر چاول گل گئے ہوں تو گھی ہر طرف چھڑک کر زعفران ملا دیں۔ آخر میں بادام کی ہوائیاں چھڑک دیں۔

پائن ایپل کریم کیک

اسپنج کے لئے۔

انڈے ۔چار عدد

کاسٹر شوگر۔ چار اونس

ونیلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔چار اونس

بیکنگ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

پائن ایپل ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

فلنگ کے لیے۔

فروٹ سیرپ۔حسب ضرورت

کریم ۔ایک کپ

پائن ایپل۔ ایک ٹن (کٹا ہوا)

فریش کریم ۔گارنش کے لیے

پائن ایپل۔حسب ضرورت

چیری۔ گارنش کے لیے

اسپنج کے لیے۔

ایک پیالے میں انڈے اور کاسٹر شوگر ڈال کر بیٹ کر لیں، پھر اس میں ونیلا ایسنس، پائن ایپل ایسنس، میدہ اور بیکنگ پاؤڈر ڈال کر فولڈ کر لیں۔نو انچ کے گریس پین میں بیٹر ڈال کر بیس سے پچیس منٹ کے لیے ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کر لیں اور وائر ریک پر نکال کر ٹھنڈا کر لیں۔

فلنگ کے لیے۔

جب کیک ٹھنڈا ہو جائے تو اس کو درمیان سے کاٹ کر فروٹ سیرپ ڈال دیں اور اسپنج کو گیلا کر لیں۔پھر اس پر کریم اور پائن ایپل ڈال کر دوسرا پیس رکھ دیں۔

اب فریش کریم، پائن ایپل رنگ اور چیری کے ساتھ گارنش کرکے سرو کریں۔

مصالحہ دار انناس کا سلاد

اجزاء۔

انناس ۔ایک عد د

سیب۔ دو عدد

پپیتا (تازہ)۔ ایک عدد

سبز مرچیں ۔دو سے تین عدد تک

ناشپاتی۔ دو عدد

انار ۔ایک عدد

مالٹا۔ دو عدد

لیمن جوس ۔ایک کھانے کا چمچ

کالا نمک ۔حسب ذائقہ

اورنج جوس ۔تین کھانے کے چمچ

ترکیب۔

انناس کاٹ کر اس کا جوس خشک ہونے دیں اور خشک کر نے کے بعد ایک سینٹی میٹر کے ٹکڑے بنا لیں یا سلائس کاٹ لیں۔

سیب صاف کر کے اس کے بیج نکال لیں اور اس کو اچھی طرح پانی کی وافر مقدار سے دھو لیں اور ایک سینٹی میٹر کے حساب سےبرابر ٹکڑے بنا لیں۔

پپیتا لے کر اس کو اچھی طرح صاف کر کے چھیل لیں، بعدازاں پانی سے دھو کر خشک کر لیںاور ایک سینٹی میٹر کے برابر ٹکڑے بنا لیں ۔

سبز مرچیں اچھی طرح دھو لیں ۔ دھونے کے بعد ان کا خشک ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کے بعد ان کو گرینڈر میں مکس کر کے پیسٹ بنا لیں اور ایک طرف رکھ دیں ۔

ناشپاتی کو اچھی طرح پانی کی وافر مقدار سے دھو لیں اور خشک کر لیں۔

مالٹا لے کر اس کو اچھی طرح چھیل لیں۔ اس کے بیج نکال کر اس کی قاشیں بنا لیں۔ ان قاشوں (پھانکوں) کو تین حصوں میں تقسیم کر لیں۔

تمام پھلوں کو لیمن جوس ، سبز مرچوں ، کالے نمک اور اورنج جوس کے ساتھ مکس کر دیں۔ سلاد پیش کرنے سے پہلے اچھی طرح سجا لیں۔ اس سلاد کے دونوں طرف انناس کے سلائس ضرور لگائیں۔

انناس سوپ

اشیاء۔

سیب ۔پانچ سوگرام

انناس ۔ دوسوگرام

گاجر ۔دوسوگرام

چقندر ۔ دوسوگرام

چینی ۔ پچیس گرام

نمک ۔ پانچ گرام

پانی۔ آٹھ سوملی لیٹر

ترکیب۔

سیب چھیل کر ان کے بڑے بڑے ٹکڑے کرلیں ۔

انناس کاٹ لیں ، گاجروں کو بڑے ٹکڑوں میںتقسیم کر لیں ۔

اسی طرح چقندر بھی کاٹ لیں ،کسی بڑے سے برتن میں پانی ڈال کر سبزیاں اور پھل اس میںشامل کرلیں۔

ان کو درمیانی آنچ پربیس منٹ تک جوش دیں اورپھر دوسرے برتن میں چھان کرسوپ الگ کرلیں اور نمک ڈال کر گرما گرم پیش کریں۔

انناس اور اخروٹ بھرا چکن

اجزاء ۔

چکن ۔ڈیڑھ کلو

بریڈ کرمبز۔ ڈیڑھ کپ

اخروٹ۔ ڈیڑھ کپ

نمک ۔ حسب ذائقہ

مکھن۔ آٹھ کھانے کے چمچ

انڈہ ۔ ایک عدد

انناس ۔50گرام

نمک۔ حسب ذائقہ

انناس جوس۔ ایک پیالی

ترکیب۔

ایک پلیٹ میں انڈہ ، بریڈ کرمبز، نمک اور پسے ہوئے اخروٹ ملائیں ، مرکب کو مرغ گوشت میں بھر کر رسی سے باندھ دیں۔

تین کھانے کے چمچ مکھن کو نرم کرکے برش کی مدد سے چکن پر لگادیں اور اب اس پر نمک چھڑک دیں۔

بقایا مکھن کو بیکنگ ٹرےمیں ڈال دیں ۔ جب دھواں اٹھنے لگے تواس میں چکن رکھ کر 180فارن ہائیٹ پر ڈیڑھ گھنٹہ تک پکائیں۔

درمیان میں وقفےوقفے سے اس کو پلٹتے رہیں تاکہ چاروں اطراف سے گولڈن اور خستہ ہوجائے ۔

پکانے کے آخری گھنٹے میں انناس جوس کو چکن پر ڈالتے جائیں۔

جب گوشت نرم ہوجائے تو چکن نکال لیں اور بقایا جوس میں انناس کے چھلے ڈال کر گرم ہونے دیں۔

ایک ڈش کے کناروں پر چھلے سجادیں اور درمیان میں چکن رکھ دیں۔

اخروٹ کی ثابت گریاں انناس کے چھلوں کے سوراخوں میں سجادیں ۔ گرماگرما انناس اور اخروٹ بھرا چکن پیش کریں۔

انناس پلاؤ

اجزاء ۔

زعفران۔ آدھا چائے کا چمچ

انناس ۔ 50گرام

گھی ۔ ڈیڑھ کپ

گرم مصالحہ ۔ ایک کھانے کا چمچ

بادام ۔ ایک کھانے کا چمچ

دودھ ۔ آدھا کپ

چینی ۔ ایک کپ

پانی۔ ڈیڑھ کپ

چاول۔ دو کپ

ترکیب ۔

انناس چھیل کر کاٹ لیں ۔

آدھا کپ پانی میں ایک کپ چینی ملا کر گاڑھا شیرہ بنالیں۔

گھی گرم کرکے گرم مصالحہ ڈالیں اور چاول ڈال کر بھونیں، اس میں اتنا پانی پکائیں کہ محض تین کنی پر رہ جائیں ۔

اب اس میں انناس اور شیرہ ڈال کر ملائیں اور تھوڑا سا نمک بھی شامل کرلیں۔

بادام کوزعفران میں ملا کر بمعہ دودھ چاولوں پر ڈال کر دم پر رکھ دیں۔

گرماگرم انناس پلاؤ پیش کریں۔

انناس مربہ

اشیاء:

انناس۔ ایک کلو گرام

چینی۔ ڈیڑھ کلو گرام

چونا۔ ایک کھانے کا چمچ

پھٹکڑی۔ ایک چٹکی

زعفران۔ دو ماشہ

روخ کیوڑہ ۔دو ٹیبل سپون

ترکیب:

انناس کو اچھی طرح چھیل کر اس کے گول گول قتلے تراش لیں ۔

اس کے بعد چونے کو پانی میں حل کر کے رکھ دیں۔

چونا نیچے بیٹھ جائے تو اوپر نہایت احتیاط کے ساتھ پانی کونتھار لیں اور اس پانی میں انناس کے ٹکڑے دس پندرہ منٹ تک بھگو دیں۔

پندرہ منٹ کے بعد ان ٹکڑوں کو پانی سے نکال لیں۔ ایک دیگچی کو چولہے پر چڑھا دیں۔

جب انناس کے ٹکڑے پک کر نرم ہو جائیں تونیچے اتار کر پانی نچوڑ دیں اور ٹکڑوں کو کسی چھلنی میں ڈال کر خشک کر لیں۔

اس کے بعد چاشنی تیار کر کے انناس کے ٹکڑے ڈال دیں اور پکنے دیں۔

جب چاشنی تین تار کی ہو جائے تو زعفران کو کیوڑہ میں پیس کر چاشنی میں ملا دیں اور پھر اتار لیں۔ جب ٹھنڈا ہو جائے تو مرتبان میں ڈال کر اس کا ڈھکن اچھی طرح سے بند کر دیں۔ نہایت ہی عمدہ اور لذت سے بھر پور مربہ تیار ہے۔ 

تازہ ترین