• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کباب ہو اور گرما گرم ہو!

لفظ’’کباب‘‘ عربی زبان سے نکلا ہے لیکن اس پر ترک، ایرانی اور وسطی ایشیائی بھی اپنا دعویٰ رکھتے ہیں۔ کباب کی ابتدا مشرق وسطی سے ہوئی اور یہ ایشیا میں بہت مشہور ڈش ہے اور نہ صرف ایشیا بلکہ پوری دنیا میں اسے شوق و ذوق سے کھایا جاتا ہے۔ کباب کا مطلب ہے سیخ میں پکا کر گرل پر یا کھلی آگ پر پکانا، فرائی کرنا یا جلانا۔مغرب میں کباب سیخ پر یا پھر ڈونر کباب کی شکل میں پیش کیا جاتا ہے۔ 

سائیڈ میں پلاف چاول کی ڈش یا مشرقی وسطی کی بریڈ رکھی جاتی ہے جبکہ برصغیر میں کباب کی درجنوں اقسام موجود ہیں جیسے شامی نہاری بوٹی کباب وغیرہ ، مگر اس سب کے علاوہ پشاوری چپلی کباب بھی بہت زبردست اور بےحد پسند کی جانے والی ڈش ہے۔ 

بیف کے یہ چٹخارے کباب صوبہ خیبرپختونخوا کی ڈش شمار کئے جاتے ہیں۔ پاکستان بھر میں اور انڈیا میں بھی پسند کیے جاتے ہیں۔ کچھ کباب بھیڑ، دنبے، چکن یا بکری کے گوشت سے بنائے جاتے ہیں جیسے کہ چپلی کباب خیبرپختونخوا کی ڈش ہے ویسے ہی مختلف ملکوں میں مختلف کباب کی ورائٹی پائی جاتی ہے۔آذربائیجان میں تکہ کباب، توا کباب، بنگلہ دیش میں نہاری، شامی، تکہ، ریشمی، بوٹی، چپلی اور بھی بہت قسم کے کباب بنائے جاتے ہیں۔ 

انڈونیشیا، انڈیا، ایران، عراق، نیپال، مصر، چائنہ، پاکستان، ترکی میں بھی مختلف قسم کے کباب کھائے جاتے ہیں جو کہ بہت مزیدار اور چٹخارےدار ہوتے ہیں۔ کباب کا نام لیا جائے اور منہ میں پانی نہ آئے یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ ذیل میں چند لذیذ مزیدار ریسیپیز قارئین کی نذر پیش ہیں۔

کباب ہو اور گرما گرم ہو!

چپلی کباب

چپلی کباب میں جو اجزا ءاستعمال کئے جاتے ہیں ان کا تعلق افغانستان سے ہے اس لئے اس میں اناردانہ اور ثابت دھنیا پایا جاتا ہے جو کہ کباب کے منفرد ذائقے کی وجہ ہے۔ ان اجزا کے امتزاج سے بننے والے کباب لذیذ ا ور تعریف کے مستحق ہوتے ہیں۔

اجزا:

بیف کا قیمہ.....ایک کلو

گندم کا آٹا.....چار کھانے کے چمچ

لال مرچ پائوڈر.....ایک کھانے کا چمچ

پیاز.....کٹا ہوا ایک عدد

زیرہ.....ایک چمچ

گرم مصالحہ.....ایک چمچ

ہرا دھنیا.....چار کھانے کے چمچ

نمک.....حسب ذائقہ

ہری مرچیں.....تین عدد

ثابت دھنیا.....کوٹا ہوا ایک چمچ

انڈا.....ایک عدد

انار دانہ.....ایک چمچ

آئل.....ایک چمچ

بیکنگ پائورڈر.....آدھا چمچ

ٹماٹر.....کٹے ہوئے دو عدد

تیل.....فرائی کے لئے

ترکیب:

سب سے پہلے ایک بائول لیں اس میں بیف کا قیمہ اور باقی سارے اجزا ڈال کر ان سب کو خوب اچھی طرح مکس کریں پھر ہاتھ کی مدد سے گول کباب بنالیں اور پھر ہلکے تیل میں توے پر چپلی کباب فرائی کریں اور گرم نان اور دہی کے ساتھ نوش فرمائیں۔ یاد رہے کہ تلنے سے پہلے درمیان میں ٹماٹر کا ٹکڑا رکھیں اور ٹماٹر والی سائیڈ پہلے فرائی کریں۔

چکن ریشمی کباب

اجزا:

چکن قیمہ.....آدھا کلو(گرائنڈ کیا ہوا)

لہسن ادرک .....پیسٹ ایک چمچ

پیاز.....ایک عدد(کٹا ہوا)

کالی مرچ.....آدھا چمچ

ہری الائچی.....(کوٹی ہوئی) ایک چمچ

سفید زیرہ پائوڈر.....آدھا چمچ

کالا ز یرہ پائوڈر..... آدھا چمچ

لال مرچ.....ایک چمچ

دار چینی پائوڈر.....آدھا چمچ

سفید مرچ پائوڈر.....آدھا چمچ

کریم.....تین چمچ

دہی.....تین چمچ

بیکنگ پائوڈر.....ایک چٹکی

ہری مرچ.....(باریک کٹی ہوئی)پانچ عدد

تیل.....تین کھانے کے چمچ

نمک.....حسب ذائقہ

ترکیب:

سب سے پہلے ایک چوپر لیں۔ اس میں آئل کے علاوہ باقی تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔ اس کے بعد ہاتھوں کو تیل کی مدد سے گریس کرکے قیمہ کے بالز بنالیں اور اس کو راڈ پر لگا کر کباب کی شکل دے دیں۔ اب اسے کوئلوں پر پکائیں اور بیک کرلیں یا فرائی کرکے کوئلوں کا دھواں بھی دے سکتے ہیں جب کباب تیار ہوجائیں تو سرونگ پلیٹس پر رکھ کر سبزیوں سے گارنش کرکے سرو کریں۔

شاہی ملائی کباب

اجزاء:

گائے کا گوشت.....پانچ سوگرام(ابلا ہوا)

پیاز.....دوعدد

بریڈ سلائسز.....چار عدد(آدھا کپ دودھ میں بھگوئے ہوئے)

ادرک لہسن .....ایک چمچ(پیسٹ)

پودینے کے پتے.....دس عدد

ہرا دھنیا.....دو چمچ(کٹا ہوا)

ہری مرچ.....تین عدد(کٹی ہوئی)

لال مرچ.....ایک چمچ(پسی ہوئی)

گرم مصالحہ.....ایک چمچ

نمک.....ایک چمچ

ہلدی.....آدھا چمچ

ملائی.....دوچمچ

میدہ.....تین چوتھائی کپ

پانی.....تین چوتھائی کپ

انڈے.....تین عدد (پھینٹے ہوئے)

تیل .....تلنے کے لئے

ترکیب:

گائے کا گوشت ریشہ کرکے اس میں پیاز، بریڈ سلائسز، ادرک، لہسن، پودینے کے پتے، ہرا دھنیا، ہری ،لال مرچ، گرم مصالحہ، نمک، ہلدی اور ملائی مکس کرکے اچھی گوندھ لیں اب اسے کباب کی شکل دیں اس کے بعد میدہ اور پانی کو ملا کر پیسٹ تیار کرلیں پھر کباب کو میدے کے پیسٹ میں ڈپ کرلیں اور آخر میں انڈے میں ڈپ کرکے فرائنگ پین میں ڈیپ فرائی کریں اور کیچپ اور نان کے ساتھ سرو کریں۔

فرائیڈ گولا کباب

اجزاء

قیمہ.....آدھا کلو

پیاز.....چار عدد(تلاہوا)

پپیتا کچا.....ایک چمچ

جاوتری.....ایک چمچ

جائفل.....ایک چمچ

انڈہ.....ایک عدد

گرم مصالحہ.....ایک چمچ(پسا ہوا)

دہی.....ایک چمچ

ادرک لہسن.....ایک چمچ(پیسٹ)

لال مرچ.....دو چمچ

الائچی.....آدھا چمچ(پسی ہوئی)

نمک.....حسب ذائقہ

تیل.....حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے قیمے میں پیاز اور کچا پپیتا ڈال کر اچھی طرح باریک پیس لیں۔ اب جائفل اور جاوتری کو باریک ڈال کر قیمے میں ڈال دیں پھر انڈا، گرم مصالحہ، دہی، ادرک، لہسن کا پیسٹ، پسی لال مرچ، پسی الائچی ا ور نمک ڈال کر مکس کرلیں اس کے بعد اسے گولا کباب کی شکل دے کر گرم تیل میں فرائی کرلیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین