سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے پیپلزپارٹی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی حامی ہےاور اگر اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کیا گیا تو وفاق کوخطرہ ہوگا جبکہ وفاق کو اختیار نہیں کہ وہ صوبائی محکموں میں مداخلت کرے۔
رضا ربانی نے سعید غنی و دیگر کے ہمراہ بلاول ہاوس میڈیا سیل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ پی آئی اے ریفرنڈم میں مزدور دوست یونینز نے کامیابی حاصل کی جبکہ قومی پرچم کو پی آئی اے جہازوں سے ختم کیا گیا ہے یہ انتہائی حساس مسئلہ ہے جسے ہم پارلیمان میں اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کی بات کرتے ہیں تو پی آئی اے ریفرنڈم کو قبول کیا جائے جبکہ پی آئی اے چیف ایگزیکٹو کے تانے بانے وزیراعظم ہائوس سے ملتے ہیں۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کے الیکڑک اور سوئی سدرن گیس میں وفاقی حکومت کے شیئرز ہیں دونوں اداروں کی جنگ سے سے کراچی والوں کا نقصان ہورہا ہے،اگر ادارے نہیں چلاسکتے تو مزدوروں کودے دیں جبکہ کراچی میں بجلی ترسیل و پیداوار کا نظام اور نجکاری کا تجربہ ناکام رہا ہے۔