بولٹن(نمائندہ جنگ) پاکستان نژاد برطانوی باکسر سحر اقبال خان نے پریسٹن ایرنیا میں ہونے والا باکسنگ کا مقابلہ چوتھے راؤنڈ میں آسانی سے جیت لیا، پروفیشنل باکسر کی حیثیت سے یہ ان کی پہلی فائٹ تھی۔ 21 سالہ سحر اقبال خان کا مقابلہ برمنگھم کے 23 سالہ حقائن گیس سے تھا۔ پہلے راؤنڈ میں ہی سحر اقبال خان نے اپنے حریف پر مکوںکی بارش کر دی جس سے ان کے مد مقابل رنگ میں گرتے گرتے بچے، جب دوسرا راؤنڈ شروع ہوا تو ان کے مد مقابل سحر اقبال خان کے تابڑ توڑ مکوں سے گھبرائے ہوئے تھے جس سے ایسا لگ رہا تھا کہ وہ سحر اقبال خان کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہرسکیں گے۔ تیسرا رائونڈ شروع ہوتے ہی سحر اقبال خان نے اپنے حریف کوایک زور دار مکا مارا جس سے وہ اپنے حواس قائم نہ رکھ سکا اور رنگ کے ایک کونے میں کھڑے ہوکر خود کو زمین پر گرنے سے بچالیا لیکن چوتھے رائونڈ کے ابتدائی مراحل میں ان کی آنکھوں میں اندھیرا چھانے لگا، ریفری نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سحر اقبال خان کو پوائنٹس کی برتری پر فاتح قرار دے دیا۔ سحر اقبال خان نے اپنی فائٹ کے بعد جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کامیابی اللہ کے فضل اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے، شایقین کی امیدوں پر پورا اتر کر دلی خوشی ہوئی اور آئندہ بھی اسی طرح کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔ شائقین کا کہنا تھا کہ سحر اقبال خان بھیسپر سٹار باکسر عامر خان کی طرح کامیاب ہوکر ملک وقوم کا نام روشن کریں گے۔