اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار،ایجنسیاں) احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے قائدنواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدر کیخلاف ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی، استغاثہ کی طرف سے نئے شواہد پیش او ر ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ اپنا بیان قلمبند کرائینگے،مریم اور نواز شریف اتوار اور پیر کی درمیانی اسلام آباد پہنچ گئے، عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز شریف کی ایک ہفتے کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی تھی جس کی وجہ سے سابق وزیر اعظم او ر انکی صاحبزادی نے لندن میں اپنا قیام مختصر کردیا،نواز شریف اور مریم نواز ہیتھرو ائیرپورٹ سے غیرملکی ائیرلائن کی پرواز کیو آر 632کے ذریعے ملک روانہ ہوئے ، نواز شریف اپنی صاحبزادی اور نواسی کے ہمراہ چار روز قبل اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی عیادت کیلئے لندن گئے تھے،مریم نواز نے لندن سے اسلام آباد روانگی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے پیغام میں کہاکہ ہم چند گھنٹوں میں پاکستان پہنچ جائیں گے اور انشاءاللہ عدالت میں بھی پیش ہونگے، انہوں نے آخر میں افسردگی سے لکھا کہ الوداع کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، سابق وزیر اعظم احتساب عدالتوں میں باقاعدگی سے پیش ہورہے ہیں ،کلثوم نواز کےکینسر کی تشخیص کے بعد انہوں نے چھ بار لندن جاکر انکی عیادت کی ہے، احتساب عدالت کی طرف سے مفرور قرار دئیے گئے سابق وزیراعظم کے دونوں بیٹے اپنی ماں کے علاج پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔