• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنتی اور جفاکش ہے، سفیر پاکستان خیام اکبر

دنیا بھر کی طرح سفارت خانہ ا سپین اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں بھی یوم پاکستان کی شاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر وطن عزیز سے والہانہ محبت کا بھر پور ثبوت دیا ۔یوم پاکستان کی پہلی تقریب ا سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں منعقد ہوئی جہاں سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ کو پاکستانی پرچم سے سجایا گیا تھا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت عبداللہ نے حاصل کی اور نعتیہ اشعار بھی پیش کئے ۔ 

وقت مقررہ پر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان خیام اکبر نے پاکستان کا قومی پرچم فضاء میں بلند کیا، جس پر حاضرین نے تالیاں بجا کر اس خوشی کے موقع کو سیلبریٹ کیا ۔اس موقعے پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ بچوں نے ملی ترانے پڑھے اور حاضرین کو داد دینے پر مجبور کر دیا ۔

اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنتی اور جفاکش ہے، سفیر پاکستان خیام اکبر
سفیر پاکستان خیام اکبر خطاب کررہے ہیں

بیگم سفیر پاکستان نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور ان کے ملی ترانے سنانے کے جذبے کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو بتانا چاہیے کہ ہم پاکستانی ہیں اور ہمارا وطن کن قربانیوں سے حاصل کیا گیا ہے ۔ یوم پاکستان کی تقریب میں قونصلر شہزاد حسین نے صدر پاکستان کی جانب سے یوم پاکستان کے حوالے سے بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا جبکہ سفیر پاکستان خیام اکبر نے وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔تقریب کے اسٹیج سیکریٹری فرسٹ سیکریٹری دانش محمود تھے ۔

اس موقعے پر سفیر پاکستان نے حکومت پاکستان کا کشمیر کی آزادی کے حوالے سے دوٹوک اور واضح موقف سناتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کی آزادی تک ان کی اخلاقی ، مالی اور اقتصادی امداد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو کشمیریوں کو اپنی مرضی سے جینے کا حق دینا ہوگا ۔ 

کشمیری بھائیوں نے لاکھوں جانوں کا نذرانہ دیا ۔انہوں نے اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ دیار غیر میں ہمیں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں تیزی لانا ہوگی تا کہ ہم یہاں کی مقامی کمیونٹی کو اپنے وطن عزیز کے وقار اور افادیت کے بارے میں احسن پیغام دے سکیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اتفاق و اتحاد اور آپس میں بھائی چارے کی فضا قائم کرکے مقامی کمیونٹی اور اداروں کو پاکستان کا سافٹ امیج دکھا سکتے ہیں ۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو محنتی اور جفا کش قوم کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے ۔یہاں مقیم تمام پاکستانی اپنے وطن کے سفیر ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم تو کچھ مدت کے لئے یہاں خدمات سر انجام دینے آتے ہیں لیکن کمیونٹی نے اور ان کے بچوں نے یہاں رہنا ہے اس لئے بچوں کا مستقبل تابناک اور روشن بنانے کے لئے ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم جیسے خزانے سے مالا مال کریں ، انہیں جدید تعلیم سے روشناس کرائیں کیونکہ آئندہ آنے والا دور جدید تعلیم کا دورہے ۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء کی تواضع کی گئی، جس کا اہتمام سفارت خانہ پاکستان کے ساتھ مل کر محمد بشیر نے کیا تھا ۔

اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی محنتی اور جفاکش ہے، سفیر پاکستان خیام اکبر
سفارت خانہ ا سپین اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، بارسلونا میں یوم پاکستان کی تقریب کے شرکاء

یوم پاکستان کی دوسری تقریب قونصلیٹ جنرل آف پاکستان ،بارسلونا کے آفس میں منعقد ہوئی جہاں تلاوت کلام پاک کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے حاصل کی اور انہوں نے اس موقع پر نعتیہ اشعار بھی سنائے ، پاکستانی کمیونٹی کی زیادہ تعداد بارسلونا اور گرد و نواح میں مقیم ہے، اس لئے قونصلیٹ آفس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شریک ہوئے۔ قومی ترانہ بجایا گیا جس کے احترام میں سب خاموش اور با ادب کھڑے رہے ۔اسٹیج سیکریٹری کے فرائض علی احمد نے ادا کئے ،جبکہ ملی ترانہ محمد سعید حیدری نے سنایا ۔

اسپین میں خواتین کی فلاح و بہبود کی تنظیم آسے سوپ کی صدر ڈاکٹر ہما جمشید خصوصی طور پر اس تقریب میں شریک ہوئی تھیں ،جبکہ دیگر خواتین کا تعلق قونصلیٹ آفس سے تھا ۔قونصلیٹ آفس میں چند افراد کی شرکت ایک سوالیہ نشان ہے کیونکہ بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں 65ہزار پاکستانی اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم ہیں ۔ تقریب میں شریک معززین کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ آفس کا پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک اور کمیونٹی کو بھیڑ بکری سمجھا جانا پاکستانی کمیونٹی کی تعداد میں کمی کی غمازی کرتا ہے ۔ 

ویلفیئر قونصلر جو قائم مقام قونصل جنرل بھی ہیں اُنہوں نے یوم پاکستان کے حوالے سے بھیجے گئے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔شرکاء کے لئے قونصلیٹ والوں نے تواضع کا اہتمام کیا تھا ۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعروں کے ساتھ شرکاء اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے۔

تازہ ترین