• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجرات،پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کی قبر کشائی، نمونے فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے

گجرات (نمائندہ جنگ) 26 سالہ پاکستانی نژاد اطالوی خاتون کی قبر کشائی کر کے نمونے حاصل کرنے کے بعد فرانزک لیب لاہور بھجوا دیئے گئے۔ گاؤں منگو وا ل غربی کے کوٹ فتح دین کے قبرستان میں سول جج اور علاقہ مجسٹریٹ لبنیٰ ضمیر کی موجودگی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گجرات کے میڈیکل بورڈ نے 18 اپریل کو باپ، چچا اور بھائی کے ہاتھوں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی 26 سالہ ثناء چیمہ کی قبر کشائی کی۔ قبر کشائی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ قبرکشائی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری قبرستان میں موجود رہی۔ تاہم، اس وقت عجیب صورتحال پیدا ہو گئی جب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کنجاہ کے الگ الگ میڈیکل بورڈز نمونے حاصل کرنے کیلئے پہنچ گئے۔ تاہم پولیس کی مداخلت سے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کے میڈیکل بورڈ کو نمونے حاصل کرنے کی اجازت دی گئی۔ پولیس کے مطابق، 1 ہفتہ بعد فرانزک لیب کی رپورٹ موصول ہو گی جس کے بعد حقائق معلوم ہو سکیں گے۔ پولیس نے مقتولہ ثناء چیمہ کے والد غلام مصطفیٰ اور بھائی عدنان کو تفتیش کے لئے حراست میں لے رکھا ہے جبکہ مقتولہ کا چچا وقوعکے بعد سے مفرور ہے۔
تازہ ترین