• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
’چیف آف دی نیول اسٹاف گالف کپ کل شروع ہوگا

’چیف آف دی نیول اسٹاف گالف کپ 2018‘جمعہ سے شروع ہورہا ہے جو 29اپریل تک جاری رہے گا۔ کموڈور شیخ عمران ناصر کمانڈر نارتھ پیٹرن پاکستان نیوی گالف نارتھ نے میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ ٹورنامنٹ مارگلہ گرینز گالف کلب کورس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف گالف کپ کا آغاز 2007 میں ہوا تھاجس کا مقصد پاکستان نیوی کی جانب سے قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ کی کوشش تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کی کوشش ہوتی ہے کہ پورے پاکستان سے کھلاڑیوںکو مختلف سپورٹس ایونٹس میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔ یہ سا لا نہ چیمپیئن شپ پاکستان گالف فیڈریشن سے منظور شدہ ہے۔

انہوں نے مزیدبتایا کہ یہ پاکستان کے ہونہارگالفرز کو گالف میں اپنی صلاحیت کے اظہارکا موقع فراہم کرنے کے لئے منعقد کی جاتی ہے۔یہ اس کڑی کی بارہویں چیمپئن شپ اور اس گالف کورس پر کھیلی جانے والی ساتویں چمپیئن شپ ہو گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پچھلے سال 300 سے زائد گالفرز نے اس چیمپیئن شپ میں حصہ لیا تھا اوراس سال ہم امیدکرتے ہیں کہ اس سے بھی زیادہ گالفرزحصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقابلے کو صحت افزاء بنانے کے لئے اس بار چیمپیئن شپ میںحصہ لینے کے لئے 12ہینڈی کیپ تک کے گالفرزکو مدعو کیا جائے گا۔

اس چیمپیئن شپ کی کچھ نمایاں خصوصیات یہ ہیںکہ مرکزی کیٹیگری میں مقابلہ54 ہولز پرامیچور کے درمیان ہو گاجو 27سے 29 اپریل روزانہ 18ہولزکھیلے جائیں گے۔ 12ہینڈی کیپ اور اس سے نیچے والے گالفرز اس میچ میں حصہ لے سکیں گے۔

سینئر کیٹیگری کا میچ36 ہولز پرکھیلا جائے گا جو 27اور28 اپریل کو 18,18ہولز کھیلیں گے۔ اس میں 55سال سے زائدعمر کے گالفرزہیں جن کا ہینڈی کیپ 18 اور اس سے نیچے ہو گا۔ وہ اس میںحصہ لے سکیں گے۔

جونیئر کیٹیگری کا میچ 18ہولز پر مشتمل ہے اور یہ 28اپریل کو کھیلا جائے گا۔16 سال سے کم عمرجن کا ہینڈی کیپ24اور اس سے نیچے ہو گا اس میں حصہ لے سکیں گے۔

خواتین کا میچ بھی 18ہولز پر مشتمل ہے اور 29اپریل کو کھیلا جائے گا۔ 30 سے نیچے ہینڈی کیپ والی گالفرخواتین اس میں حصہ لینے کی اہل ہوں گی۔

تازہ ترین