کوئٹہ کے علاقے شارع اقبال پر نامعلوم ملزمان کی فائر نگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس کی جانب ےس واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ قرار دیا جارہا ہے۔
پولیس کے مطابق شارع اقبال، جمال الدین افغانی روڈ پر واقع الیکٹرانک سامان کی دکان پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دکان میں موجود دکاندار جعفر علی اور اس کا بھتیجا محمد علی جا ں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے،ریسکیو کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔
پولیس کے مطابق علاقے کی مکمل ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے،اس حوالے سے تحقیقات بھی کی جارہی ہے کہ واقعے میں ذاتی دشمنی کا عنصر تو موجود نہیں۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شہر ٹارگٹ کلرز کے رحم و کرم پر ہے،گزشتہ روز علی الصبح طوغی روڈ پر امام مسجد کے بھائی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔