• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
الماری وہ اچھی جس میں سب کچھ سما جائے

تقریباً سب ہی بڑی بڑی الماریوں کے خواب دیکھتے ہیں، جن میں سارے کپڑے، بیگ اور جوتے پورے آ جائیں۔ سامان کے اضافے کے ساتھ نئے کپڑے وغیرہ رکھنے کے لیے فالتو جگہ بھی ہونی چاہیے۔ ایک بڑی اور شاندار الماری صرف خواب نہیں ہونی چاہیے۔ الماریاں ہر گھر میں پائی جاتی ہیں۔ تاہم آپ میں سے وہ لوگ جن کے کمرے تنگ ہیں یا وہ جو خواب گاہ میں الماری رکھتے ہیں، انہیں ایسی الماریاں ڈھونڈنے میں دقت کا سامنا ہوتا ہے جس میں سارا سامان پورا آ جائے۔ الماریاں ایک ایسا جادوئی پٹارا ہوتا ہے، جو ہمارے کپڑوں کے ساتھ ساتھ ہماری اہم اور رازدار چیزیں بھی خود میں چھپا لیتی ہے۔ ہم تھوڑی سی توجہ اور محنت سےیا پھر کسی پیشہ ور فرنیچر ساز کی مدد اور مشورے سے اس پٹارے کو تیار کرواسکتے ہیں۔اس حوالے سے آپ کی رہنمائی کے لیے کچھ آئیڈیاز آپ کے لیے یہاں پیش کیے جارہے ہیں۔

الماری وہ اچھی جس میں سب کچھ سما جائے

جدید طرز کی کپڑوں کی الماریاں

اگر آپ اپنے سونے کے کمرے میں جدید طرز کی کپڑوں کی الماری شامل کرنا چاہ رہے ہیں تو پھر آئینہ دار شیشوں کو شامل کرنا بہترین طریقہ ہوسکتا ہے۔ آئینوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ روشنی کو کمرے کے ہر کونے میں منعکس کرتے ہیں اور کمرے کو روشن بنا دیتے ہیں۔

گلاس والی کپڑوں کی الماریاں

کپڑوں کی الماری کی آرائش کا ایک اور بہترین طریقہ یہ ہے کہ الماری کے دروازے ہلکے رنگ کے مستطیل شکل کے شیشے والے ہوں۔ یہ نا صرف خوب صورت لگتے ہیں اور وزن میں بھی ہلکے ہوتے ہیں بلکہ اسی وجہ سے انہیں زیادہ پسند بھی کیا جاتا ہے۔

گوشے دار الماری

اگر آپ کے کمرے کی چھت کسی طرف سے جھکی ہوئی ہے تو پھر اسی طرز کی الماری بنوانے پر غور کرنا چاہئے۔ اس کمرے کو سیٹ کرنے والاڈیزائنر الماری کو بیڈ اورا سٹڈی کی جگہ کے درمیان آڑ کے طور پر بنائے تاکہ دونوں حصوں کو الگ کر دے۔

آؤٹ آف باکس الماری آئیڈیا

بہت سے لوگ اسٹوریج آئیڈیاز پیش کریں گے تو صرف ان کی طرف دھیان نہ دیں۔ کیونکہ الماری کو صرف شیلفوں سے نہیں بھرا ہونا چاہیے، آپ اس میں اور بھی فائدے مند اشیاء نصب کرسکتے ہیں، جیسے کہ جوتے کے خانے وغیرہ۔

دو دیواروں کے ساتھ الماری

لکڑی کبھی پرانی نہیں ہوتی، اس کے ایسے انتخابات ہمیشہ موجود رہتے ہیں جو ہمیں حیران کر سکیں۔ اس کے علاوہ گہرے رنگ مزید نفاست اور سنجیدگی کا پتا دیتے ہیں اور دوسرے مواد کے ساتھ مل کر ایک دلچسپ مجموعہ بناتے ہیں جو مضبوطی اور پختگی دکھاتا ہے۔یہ الماری ایک دیوار سے شروع ہوکر دوسری دیوار تک پھیلی ہوئی ہے اوراس میں ہر قسم کا سامان منظم کرنے کی جگہ موجود ہے۔

دھیمے رنگ

لکڑی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ اس میں سے اپنی پسند کا وہ درست رنگ بنا سکتے ہیں جو باقی کمرے کی سجاوٹ کے ساتھ جچتا ہو۔ ہلکے رنگ کی لکڑی خاص طور پر اپنے ارد گرد کا سارا ماحول ورشن کر دیتی ہے اور کمرے کو کشادہ دکھاتی ہے۔

سفید اور سادہ

سفید رنگ ٹھنڈک، سکون اور امن کی نشانی ہوتا ہے اور اس رنگ کا انٹیرئیر کمرے کی شان بڑھانے میں بہت معاون ثابت ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے کمرے میں سکون اور ٹھنڈک کا احساس قائم رکھنا چاہتے ہیں تو سفید رنگ کی دو یا دو سے زائد دروازے کی الماریاں بنوائیں۔

الماری پرآرٹ

اگر آپ اپنے خواب گاہ میں کچھ نیاپن اور انفرادیت چاہتے ہیں تو اپنی الماری پر باہر کی طرف کچھ ڈیزائننگ کرواسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی تصویر یا فنکاری بھی ایک اچھا انتخاب ہوگا۔ الماری کے دروازوں پر ایک بامقصد ڈیزائن یا تصویر آپ کو ہر بار کمرے میں داخل ہونے پر متاثر کرےگا اور آپ کے مہمانوں اور دوستوں کو بھی آپ کی ذہانت کا اندازہ ہوجائے گا۔

دیوار نہیں الماری

جس طرح کمرے کی ایک دیوار کو مکمل طور پر الماری بنایا جاسکتا ہے، جس میں دروازے والی الماری تخلیق کی جاسکتی ہے، اسی کی طرح ایک اور انتخاب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ سلائڈنگ دروازے والی الماری بنائی جائے جس سے کمرے میں دروازہ کھلنے کے لئے بھی کم جگہ درکار ہوگی۔

ڈبل الماری

اگر آپ کے بچوں کا کمرہ ایک ہے تو آپ کبھی نہیں چاہیں گے کہ ان کی الماری بھی ایک ہو۔ ڈبل الماری کا ڈیزائن یہ مسئلہ حل کر دیتا ہے اور بچوں کے کمرے کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کافی جگہ بھی چھوڑ دیتا ہے۔

باتھ روم الماری

جو گھر وسیع و عریض ہوتے ہیں اور وسیع رقبے پر بنائے جاتے ہیں، ان میں باتھ روم بھی جدت اور وسعت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان باتھ روم میں جگہ زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر افراد خانہ الماریاں اندر ہی بنوا لیتےہیں، جس سے انہیں خواب گاہ میں زیادہ کھلا اورہوادار کمرہ مل جاتا ہے۔ اگر آپ کا باتھ روم اتنا وسیع ہے کہ اس میں الماری بنائی جا سکتی ہے تو آپ لکڑی کی مضبوط الماری باتھ روم میں بھی رکھ سکتے ہیں۔

تازہ ترین