کوئٹہ کےعلاقے جان محمد روڈ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کےمطابق موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے جان محمد روڈ پر اندھا دند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اورچارزخمی ہوگئے، زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا جہاں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت وقاص خان، شبیراحمد اور علی خان کے نام سے ہوئی ہے ۔
واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فائرنگ کی جگہ کا دورہ کیا اور انہوں نےآئی جی بلوجستان سےفائرنگ کے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی۔
سرفراز بگٹی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصرقانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے،دہشت پھیلانے والے ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارا اتحاد امن کے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دے گا ،حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ انتشار پھیلانے کی سازش ہے۔ہمارے لوگوں کا خون بہانے والے جلد اپنے عبرت ناک انجام کو پہنچیں گے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ میں 72 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں دکانوں پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں مجموعی طور پر چھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں،رواں مہینے میں کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 15 افراد مارے گئے۔