• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم مئی میں اسلام آباد کے علاوہ پشاور ،کوئٹہ توسیع شدہ انٹرنیشنل ائرپورٹس کا افتتاح کرینگے

وزیر اعظم مئی میں اسلام آباد کے علاوہ پشاور ،کوئٹہ توسیع شدہ انٹرنیشنل ائرپورٹس کا افتتاح کرینگے

اسلام آباد (حنیف خالد)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مئی کے مہینے میں تین انٹرنیشنل ہوائی اڈوں کا افتتاح کرینگے۔ یکم مئی کو وزیر اعظم پاکستان ،پاکستان کے پہلے گرین فیلڈ اورسٹیٹ آف دی آرٹ انتہائی جدید ایکوئپمنٹ سے لیس اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کا افتتاح کرینگے ۔جو 90ارب روپے کی لاگت سے مسلم لیگ ن کے 5سالہ دور میں انتہائی تیزی سے مکمل کیا گیا ہے ۔مئی کے دوسرے ہفتے میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کے توسیعی پروجیکٹ کی تکمیل پر نو تزئین شدہ با چا خان ائرپورٹ کا افتتاح کرینگے ۔افتتاحی تقریب میں گورنر کے پی ظفر اقبال جھگڑا اور صوبے کی اہم سرکاری و سیاسی شخصیات مدعو ہونگی۔ موجودہ حکومت نے باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کو جدید ترین ایکوئپمنٹ اور مسافروں کی سہولیات سے مرصع کردیا ہے ۔جس میں انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے سٹیٹ آف دی آرٹ پسنجر بورڈنگ برج بھی نصب کئے گئے ہیں۔ ائرپورٹ بلڈنگ میں تمام ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔افتتاح کے موقع پر باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ بادی النظر میں نیا ائرپورٹ لگے گا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مئی کے اواخر میں کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کے توسیعی پروجیکٹ کے مکمل ہونے پر اسکا افتتاح کرینگے ۔ پشاور ائرپورٹ کی طرح کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ انتہائی خوبصورت بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے ۔ کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی دو پسنجر بورڈنگ برج لگائے جارہے ہیں۔ بڑے جہازوں کے مسافر طیارے سے بورڈنگ برج کے زریعے سیدھے ٹرمینل بلڈنگ میں پہنچ جایا کرینگے۔اور ٹرمینل بلڈنگ سے مسافر بورڈنگ برج کے زریعے سیدھے طیارے کے اندر پہنچا کرینگے ۔یہی سہولت باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ پر فضائی مسافروں کے لئے فراہم ہوگی۔ باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ او ر کوئٹہ انٹرنیشنل ائرپورٹ میں توسیع ،تزئین اور جدید سہولیات کے دونوں پروجیکٹ کم و بیش 6ارب روپے کی لاگت سے پاکستان مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت نے شروع بھی کرائے اور انکو مکمل بھی کیا ہے ۔

تازہ ترین