• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیکی کو پھیلانا اور برائی سے روکنا تبلیغ کی آسان تعریف ہے ، مقررین تبلیغی اجتماع

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) اسلام آباد میں تبلیغی اجتماع کے دوسرے روز مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیکی کو پھیلانا اور برائی سے روکنا تبلیغ کی آسان تعریف ہے‘ تبلیغ دین انبیاء کی سنت ہے زبان کا میٹھا بول آپکی شخصیت کی خوبصورتی اور زبان کی کڑوی اور سخت بات آپکی حسن اخلاق کی نفی کرتی ہے‘ اچھے اخلاق اچھے مسلمان کی پہچان ہیں‘ ہم اعتدال والی امت ہیں‘ ہم نے مخلوق کو خالق سے جوڑنے کی محنت پوری دنیا میں کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل، مولانا عبیدالرحمن، رائے ونڈ مرکز کے امام مولانا محمد جمیل و دیگر نے کیرج فیکٹری اسلام آباد گرائونڈ میں منعقدہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع کی اختتامی دعا آج پیر کو بعد نماز صبح کے بیان کے بعد ہوگی جس کے بعدتبلیغ دین کیلئے درجنوں جماعتیں اندرون و بیرون ملک تشکیل دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دین کے ہر شعبے میں محنت کرنا قابل قدر کام ہے‘ دین کے کسی کام کی نفی یا تحقیر کرنا گمراہی ہے اور دین کے سب شعبوں کی محنت کا احترام کرنا دین ہے‘ تبلیغ دین ایک مسلمان کومحبت، ایثار، اخوت، حسن اخلاق، دیانت، امانت، شرافت، قربانی، درگزر، صلہ رحمی اور لہجے میں نرمی کا درس دیتی ہے۔ اپنے لہجوں میں نرمی پیدا کریں‘ لہجوں کے بدلنے سے معانی و مفہوم بدل جاتے ہیں‘ اپنے معاملات کو دین اسلام کے تابع کریں‘ دین کا ایک حصہ عبادات اور باقی تین حصے معاملات سے متعلق ہیں‘ ایک اچھے مسلمان کے معاملات اسکی پہچان ہیں‘ ہم نے برے اخلاق اور گناہوں سے بچتے ہوئے انہیں آئندہ نہ کرنے کی غرض سے توبہ کرنی ہے۔ پچھلی امتیں اپنے گناہوں اور حق کو جھٹلانے کی وجہ سے اللہ کے عذاب سے تباہ و برباد ہو گئیں۔ توکل اسباب کو چھوڑ کر نہیں کیا جاتا بلکہ اسباب کو صحیح طریقے سے استعمال کرکے اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنے کا نام توکل شرعی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذی استعداد اور باصلاحیت افراد سے انکے متعلقہ شعبوں میں کام لیا جائے تو انکی صلاحتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں تبلیغ والوں کا ہم پر احسان ہے کہ انہوں نے اس امت کو دوبارہ انبیاء کرام والی محنت پر لگا دیا۔ اجتماع کے دوسرے دن بھی اجتماع میں قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ شرکائے اجتماع کی سہولت کیلئے پارکنگ‘ وضو خانے‘ بیت الخلاء، کینٹین، ہوٹل اور اشیائے ضروریہ کے متعدد سٹال بھی لگائے گئے تھے‘ پارکنگ کیلئے بھی وسیع جگہ مختص کی گئی۔
تازہ ترین