انسانی حقوق کی علم بردار، عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں گزشتہ دنوںتعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس کا اہتمام اے این پی یو اے ای کے رہنما انجینئر احسان اللہ نے کیا تھا، اجلاس میںعاصمہ جہانگیر کے ساتھ گزشتہ ماہ انتقال کر جانے والے معروف پختون سیاسی رہنما ارباب مجید الرحمن کو بھی خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت خالد محمود گوندل نے حاصل کی۔ مہمان خصوصی پاکستان سے آئے ہوئے فرنود عالم تھے ۔مقررین میں سبط عارف نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر نے نہ صرف پاکستان کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کے لیے آواز بلند کی، بلکہ برصغیر میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ معروف لکھاری مہوش اعجاز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر سے وہ افراد اور ادارے بھی مدد اور رہنمائی چاہتے تھے جو اس دلیر خاتون کی ماضی میں مخالفت کرتے رہے ،انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نفرت پھیلانا آسان ہے مگر محبت کا پرچار مشکل ترین کام ہے۔ البتہ عاصمہ جہانگیر کی جدوجہد نے ہمیشہ مظلوموں کے آنسو پونچھے ۔صحافی و معلم آغا پیر محمد کیلاش نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر وہ شخصیت تھیں جنہوں نے طاغوتی طاقتوں کو ہمیشہ شکست دی۔
نڈر خاتون نے مردوں کو تاریک راہوں میں حوصلہ دیا اورجو روشنی اور امید کے دیپ جلائے، وہ اب تک معاشرے کو منورکررہےہیں۔ انسانی حقوق کے علمبردار نظار یوسف زئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے کسی بھی کونے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو، عاصمہ جہانگیر سب سے پہلے آواز بلند کرتی تھیںاور ہمیشہ مظلوموں کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی تھیں۔ مہمان خصوصی فرنود عالم نے عاصمہ جہانگیر کے لیے لفظوں کے دئیے جلاتےہوئے کہا کہ محترمہ کی سوچ کی آزادی، فکر و نظریات کی آزادی کا نام تھیں۔ عاصمہ جہانگیرتمام تر مخالفتوں کے باوجود عوام کے لیے زندگی کے ہر موڑ پر تنہا کھڑی نظر آئیں۔ فرنود عالم نے عاصمہ جہانگیر کو بے خوف جدوجہد کی علامت قرار دیا۔
میزبان احسان اللہ خان نے کہا کہ اربان مجیب الرحمن ساری زندگی پختونوں کے حقوق کے لیے لڑے۔ وہ ایک سچے محب وطن سیاسی لیڈر تھے ان کی سیاسی خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔ احسان اللہ خان نے عاصمہ جہانگیر کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک دیو مالائی سچائی تھیں، جنہوں نے جمہوریت کی بقا کے لیے ہمیشہ آمروں کو دلیل سے شکست دی۔ علاوہ ازین شعیب خان، جاوید اقبال،ڈاکٹر محمد جاوید، محمد شریف خان، زرین زادہ اور انجینئر زبیر نے بھی عاصمہ جہانگیر کی خدمات اور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ محترمہ نے رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر مجبور اور پسے ہوئے طبقہ کے لیے کام کیا۔اس موقعے پر ارباب مجیب الرحمن اور عاصمہ جہانگیر کے لیے دعا بھی کی گئی۔
خواتین کے بین الاقوامی دن کے موقعے پر سوشل لیڈیز فورم کی جانب سے پاکستان سوشل سینٹرشارجہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی روح رواں معروف سوشل ورکر شیریں درانی تھیں۔ مہمان خصوصی قونصل جنرل آف پاکستان سید جاوید حسن تھے دیگر شرکا ء میںسردار جاوید یعقوب ، ملک محمد اسلم، راجہ خیال الحق، مظفر باجوہ، قیصر گھمن، انجینئر احسان اللہ احسان، نصر ہاشمی، محمد افتحار، مہوش اعجاز، ملک شہزاد، سیفر احمد ستی ، مظاہر عادل، خواتین میں شہلا شعیب، ساجدہ، فرح ، عاطفہ، غزالہ خالد، فرخندہ اور شاہدہ نے شرکت کی۔ مقررین نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے اظہار خیال کیااور متعدد تفریحی پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ مقررین نے کہا کہ خواتین نے ہر موقعے پر پاکستان کی ترقی اور امن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آج ہر شعبہ میں خواتین گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ خوشی یہ ہے کہ اب خواتین کے کردار کو سراہا جارہا ہے۔ اس موقعے پر خواتین نے محترمہ فاطمہ جناح ، بلقیس ایدھی اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے روپ دھار کر ان کے کردار نبھائے۔ قومی اور ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔ مختلف پاکستانی اشیاء کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ جن پر ضروریات زندگی کی اشیاء کو خوب صورتی سے سجایا گیا تھا۔ا س موقعے پر مہمان خصوصی سید جاوید حسین نے امارات میں مقیم پاکستانی خواتین کی سماجی و رفاعی خدمات کو سراہااور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کو کہااور اپنی اور قونصلیٹ پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہے کہ امارات میں بھی پاکستانی خواتین خانہ داری کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی خدمت کررہی ہیں اور پاکستان کا مثبت امیج پیش کررہی ہیں۔
اس موقعے پر پاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ میزبان شیریں درانی نے مہمان خصوصی اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ دیگر خواتین کے تعاون سے آئندہ بھی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہمارا مقصد اورسیز پاکستانیز کو تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے اور پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دارالخلافہ ابوظہبی میں اسپیشل بچوں کے لیے گیارہویں 2018اولمپک گیمز منعقد ہوئے۔ جس میں پوری دنیا سے اسپیشل کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ پاکستان کے دستہ نے بھی شرکت کی اور کئی کھیلوں میں میڈل حاصل کئے۔ سفیر پاکستان معظم احمد خان اور ان کی اہلیہ لینا معظم نے پاکستانی دستہ کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر تقریب کا اہتمام کیا۔ جس میں سفارت خانہ کے افسران اور دیگر نے شرکت کی اہلیہ سفیر پاکستان نے تمام کھلاڑیوں کو تحائف دئیے۔ سفیر پاکستان نے اس موقعےپر کہا یہ بچے اسپیشل ضرور ہیں، لیکن ٹیلنٹ سے بھرپور ہیں ان کی کارکردگی کو ہر سطح پر سراہانہ چاہیے اور ان کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے متعدد گیمز میں میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ یہ بچے بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔ اسپیشل کھلاڑیوں نے سفیر پاکستان کے ساتھ تصویریں بھی بنوائیں۔