جاپان میں مقیم پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے گزشتہ دنوںاپنے قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 39ویں برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی ۔ اس موقعے پر منعقدہ اجلاس کا اہتمام پی پی پی کے سینئر رہنمائوں نعیم الغنی آرائیں، مرزا خلیل بیگ اور شاہد مجید نے سائتاما پریفیکچر کے معروف JUآکشن کے ہال میں کیا، جہاں پاک برادری کے تمام مکتبۂ فکر کی چیدہ چیدہ شخصیات نے شرکت کی ، جن میں پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے جنرل سیکریٹری الطاف غفار ، جاپان انٹرنیشنل جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری طیب خان، اسلامک سوسائٹی آف جاپان کے سربراہ رئیس صدیقی ، اسلامک سینٹر تجوید القرآن کے سربراہ قاری علی حسن، مائی مینرز کے سربراہ سید کمال رضوی ، دبئی سے تشریف لائے ہوئے جنید رضوی ، اردونیٹ جاپان کے ناصر ناکاگاوا، وسیم خان، محمد انیس، محمد یوسف اور دیگر شامل تھے۔ مرزا خلیل، طیب خان، الطاف غفار، رئیس صدیقی ،قاری علی حسن ،شاہد مجید اور نعیم الغنی آرائیں نے بھٹو کی برسی کے موقعے پر انھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے حالاتِ زندگی ، سیاسی فلسفہ اور افکار پر روشنی ڈالی۔ شرکاء کا نے انھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہنا تھاکہ بھٹو جیسا زیرک سیاستدان او ر بہادر و نڈر رہنما ہماری قوم کو اب تک نصیب نہیں ہو سکا ،یہی وجہ ہے کہ آج بھی قوم بھٹو کے گن گاتی ہے ، انھوں نے عالمِ اسلام اور پاکستان کے وقار،دفاع اور ترقی کے لئے جو کاوشیں کیں انھیں قیامت تک فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔مقررین کا کہنا تھا کہ دنیا کی سیاسی تاریخ میں بھٹو خاندان نے جتنی قربانیاں دیں ہیں ان کی مثال نہیں ملتی ۔آخری میں رئیس صدیقی نے اجتماعی دعا کروائی اور پاکستان سمیت عالمِ اسلام کی ترقی و خوشحالی کی دعائیں کی گئیں ۔
ایم وائی ٹریڈنگ کمپنی کے چیئرمین اور سینئر مسلم لیگی رہنما ملک محمد یونس نے گزشتہ دنوں ملک محمد نور اعوان کے اعزاز میں الوداعی عشائیے کا اہتمام کیا ، جس میں مسلم لیگ ن کے دیگر سینئر رہنمائوں نے بھی شرکت کی جن میں ملک ریاض جیلانی، محمد شمس بٹ، شیخ ذوالفقار علی، مرزا اکرام بیگ، فلپائین سے تشریف لائے ہوئے محمدطلعت،عبدالقدیر مغل ، ڈاکٹر نوید اختر ، چینی دوست شانگ چنگ ، سینئر پاکستانی اصغر حسین ، عمیر ظاہر، محمد انیس، محمد عتیق،عرفان صدیقی اور ناصر ناکاگاوا شامل تھے۔ میزبان ملک یونس نے اس موقعے پر تمام دوستوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور ملک نور اعوان کو الوداع کہتے ہوئے کہا کہ ملک نور اعوان جاپان میں مسلم لیگی دوستوں کی جان ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے دلوں میں رہیں گے اور وہ امید کرتے ہیں کہ پاکستان جاکر وہ اپنی سرگرمیاں مزید تیز کرتے ہوئے پارٹی کے لئے اپنی اعلیٰ خدمات پیش کریں گے۔ملک ریاض جیلانی نے بھی ملک نور اعوان کی سیاسی گرمیوں کو سراہتے ہوئے انھیں اپنی پارٹی کا سرمایہ قرار دیا ۔ شمس بٹ،شیخ ذوالفقار علی ، مرزا اکرم ، اصغر حسین اور ڈاکٹر نوید اختر نے بھی ملک نور اعوان کی پارٹی خدمات کو سراہا اور انھیں دعائوں میں رخصت کیا ۔
مہمانِ خصوصی ملک نور اعوان نے میزبان ملک یونس اور دیگر دوستوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ہمیشہ پارٹی کے دوستوں کو اس طرح اکٹھا کرتے ہیں اور جاپان جیسے ملک میں بھی پارٹی کا پرچم بلند کئے ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ وہ پہلے ایک سال پاکستان رہ کر آئے تھے اور اب چند ماہ جاپان میں گزار کر واپس جا رہے ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت ان کی پارٹی اور قائد میاں محمد نواز شریف کو اپنے کارکنوں کی حمایت کی شدید ضرورت ہے ۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری پارٹی اور ہمارے قائد جن کڑے حالات اور کٹھن امتحان سے گزر رہے ہیں وہ اس سے سرخرو ہوںگے۔ ملک نور اعوان نے کہا کہ وہ جاپان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ملک محمد نور اعوان نے جاپان میں مقیم پاکستانی نژاد جاپانی شہریوں سے درخواست کی کہ وہ لوگ بھی اپنی جاپانی شہریت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جاپان کی مقامی و وفاقی سیاست میں ضرور حصہ لیں اورپوری دنیا میں پاکستان کانام روشن کریں۔ میزبان ملک محمد یونس نے تقریب میں شرکت کرنے پر تمام دوستوں کی کا شکریہ ادا کیا ۔