• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساجد گمریانی الیکشن میں پرویز خٹک کا مقابلہ کریں گے

پشاور(نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ نوشہرہ کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی سراج محمد خان، پی ٹی آئی کے رہنما نبی امین خان کی ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شمولیت سے وزیراعلیٰ کے حلقہ میں پی ٹی آئی کا شیرازہ بکھر گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو اپنی نوکری پکی کرنے کے لئے دوبارہ اقتدار میں آنے کا خواب نہیں دیکھنا چاہئے۔ مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے صدر حمزہ پرویز، جنرل سیکرٹری مشیت الرحمان،حلقہ پی کے 64نوشہرہ کے جنرل سیکرٹری لیاقت علی خان مسلم لیگ کے رہنماجاوید نسیم خان، اکبر پورہ کے صدر حاجی فضل احد اور سینئر نائب صدر ملک تاج محمد خان نے پشتون گڑھی نوشہرہ میں مسلم لیگ تحصیل پبی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی حلقہ 64نوشہرہ میں مسلم لیگ کے رہنما ساجد گمریانی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا مقابلہ کریں گے۔ مسلم لیگ کے رہنمائوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تبدیلی لانے کی بجائے صوبے کو تباہی و بربادی سے دو چار کر دیا گیا ہے پی ٹی آئی کے علی بابا و چالیس چوروں نے کرپشن و لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم کر رکھا ہے جبکہ پی ٹی آئی بکائو مال بن چکی ہے صبح شام یوٹرن لینے والے عمران خان اور سیاسی وفاداریاں بدلنے کے ماسٹر پرویز خٹک نہ تو نیا پاکستان بنا سکتے ہیں اور نہ ہی تبدیلی لا سکتے ہیں۔
تازہ ترین