کوئٹہ (پ ر ) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اور آل پاکستان پیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن کے مشترکہ بیان میں کہاگیاہے کہ ینگ ڈاکٹرز اور پا کستان پیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن کی جانب سے مشترکہ احتجاجی ریلی وزیراعلیٰ ہائوس کی طرف 72گھنٹے میں کسی بھی وقت نکالی جاسکتی ہے جہاں پر دھرنا دیاجائیگا ،بیان میں کہاگیاکہ ینگ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف کی جانب سے وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا نوٹیفکیشن کے اجراء تک جاری رہے گااس دوران اگر ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ریلی پر کسی قسم کی تشدد یا گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں تو ینگ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتا لوں میں اپنی خدمات سرانجام نہیں دینگے جس کی تمام تر ذمہ دار حکومت بلوچستان پر عائد ہوگی ،بیان میں کہاگیاکہ حکومت نے 2مرتبہ وعدے کئے مگر ایک بھی وعدہ وفا نہیں کیا جس کے باعث ینگ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف فیڈریشن احتجاج کرنے پرمجبورہوگئے ہیں ،بیان میں کہاگیاکہ ہم انتظامیہ پر واضح کرناچاہتے ہیں کہ ہماری ریلی اور دھرنے کو موثر سیکورٹی فراہم کی جائے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری حکومت وقت اور انتظامیہ پرعائدہوگی ۔بیان میں کہاگیاکہ ینگ ڈاکٹرز اورپیرامیڈیکل سٹاف کے ممبران اور عہدیداران سروں پر کفن باندھ کر اپنے مطالبات کے حل کیلئے باہر نکلیںگے ۔بیان میں کہاگیاکہ ہم ایک مرتبہ پھر حکومت اورچیف سیکرٹری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے مطالبات کانوٹیفکیشن 72گھنٹوں میں جاری کریں تاکہ ینگ ڈاکٹرز وپیرامیڈیکس میں پائی جانے والی بے چینی ختم اور احتجاج پرمجبور نہ ہو۔