• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری اور عمران ایک ہیں، دونوں لوگوں کو بیوقوف نہ بنائیں، نواز شریف

زرداری او ر عمران ایک ہیں، لوگوںکو بیوقوف نہ بنائیں، نواز شریف

ساہیوال (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ سیل )سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے عوام سے کہا ہے کہ میری نااہلی کے فیصلے کو ووٹ سے باہرپھینک دیں‘میری واپسی کا یہی راستہ ہے ‘زرداری اور عمران اندر سے ایک ہیں، دونوں کے درمیان سب کچھ طے ہے، شرم کریں لوگوں کو بیوقوف نہ بنائیں، عمران خان اور زرداری کو ووٹ دینا نادیدہ قوتوں کو کامیاب کرانے کے مترادف ہوگا‘یہ روشن پاکستان کو پیچھے دھکیل رہے ہیں‘لاڈلے کی دال نہیں گل رہی ‘اب وہ کچی فیل ہوگیاہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم نے گزشتہ روزساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میاں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازکاکہناتھاکہ الیکشن میں سازشی عناصر کو منہ توڑجواب دیں گے‘ عمران خان کی حیثیت ایک مہرے سے زیادہ نہیں ، وہ دوسروں کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں اور ان کی قسمت میں ہی یہی لکھا ہے‘ہر الیکشن میں عمران خان کا کر دار ادا کار مہمان کا ہوتا ہے‘وہ آئندہ الیکشن میں نظرنہیں آئیں گے‘فصلی بٹیروں کو عوام الیکشن میں نشان عبرت بنادیں۔ اپنے خطاب میںنواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ غیرمرئی قوتوں سے ہے ، عمران ، زر داری اور آزاد کھڑے ہونے والے لوگوں کو ووٹ دینا ایسا ہی سمجھا جائیگا کہ آپ ان قووتوں کو ووٹ دے رہے ہو ،لاڈلہ صاحب آپ کی دال نہیں گل رہی ہے ، آپ پہلے بھی فیل تھے ، اب تو کچی فیل ہوگئے ہیں گیارہ نکاتی ایجنڈا لانے والے بتائیں کے پی کے میں کیا کیا ہے ؟مسلم لیگ (ن)کو اتنے ووٹ دیں کہ اسمبلی میں پہنچ کر میرے خلاف آنے والا فیصلہ باہر پھینک دیا جائے‘ دوسرے پہلے سےبکے ہوئے ہیں عمران نے بھی سودا کرلیا ہے‘ سینٹ الیکشن میں عمران خان کے لوگوں نے قطار میں کھڑے ہو کر تیر کو ووٹ دیا ٗ عوام سب جانتے ہیں ٗ آپ کے دھوکے میں نہیں آئیں گے ٗ آپ کا خادم ڈٹ جانے والا ہے کبھی کسی کے آگے جھکنے والا نہیں‘انہوںنے مینارپاکستان پر عمران خان کے جلسے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ایسا لگا کہ’’ جلسہ لاہور دا ٗ مجمع پشور دا تے ایجنڈا کسے ہور دا‘‘ ۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ حضور آپ کہتے تھے میں نیا پاکستان بنائوںگا جا کر پشاور میں دیکھیں کونسا نیا پاکستان بن رہا ہے‘ کہاتھالوڈشیڈنگ ختم کرونگا ٗ پوچھیں کونسی لوڈشیڈنگ ختم کی ہے نواز شریف نے کہاکہ بد قسمت لوگ پاکستان کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں اچھے بھلے روشن پاکستان کو پیچھے کی طرف دھکیلنے کیلئے پورا زور لگا دیا ہے‘جو پاکستان کا روپیہ لوٹ کر لے گئے ہیں ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے‘ حاجیوں کامال کھاگئے ہیں ٗاقامہ رکھنا زیادہ جرم ہے یا حاجیوں کا مال لوٹنا بڑا جرم ہے ٗ‘ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ نوازشریف کو واپس لانے کا ایک راستہ ہے ٗ مسلم لیگ نواز کو اتنے ووٹ دو اور جب وہ اسمبلی میں پہنچے تو فیصلے کو اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے ٗ یہ ممکن ہے اس فیصلے کو اٹھا کر باہر پھینکاجاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ماہ رمضان آنے والا ہے اس کے بعد الیکشن مہم شروع کرینگے‘ہمارا مقابلہ عمران اور پیپلز پارٹی سے نہیں ہے ہمارا مقابلہ کچھ ایسی قوتوں کے ساتھ بھی ہے جو آپ کو نظر نہیں آتیں۔قبل ازیں سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے عمرا ن خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی حیثیت ایک مہرے سے زیادہ نہیں ، وہ دوسروں کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں اور ان کی قسمت میں ہی یہی لکھاہے ‘اوپر اللہ اور نیچے پاکستان کے عوام ہیں ، اللہ اور عوام کی مدد سے الیکشن میں منہ توڑ جواب د ینگے، آئندہ عام انتخابات کے بعد عمران خان آپ کو دور دور تک نظر نہیں آئیں گے کیونکہ عمران خان کا کردار ہر الیکشن میں مہمان ادا کار کا ہوتا ہے ،عمران خان کہتے ہیں ان کے ایم پی ایز چور ہیں اور ایم پی اے کہتے ہیں لیڈر چور ہے، زرداری اور عمران خان ووٹ مانگنے آئیں تونعرے لگانازرداری عمران بھائی بھائی ،فصلی بٹیرے ہر الیکشن میں ادھر سے ادھر جاتے ہیں عوام ان کو عبرت کا نشان بنادیں‘عمران خان انگلی کے اشار ے پر چلتے ہیں، عمران خان اگر پشاور میں جلسہ کرلیتے تو پیسے بھی بچ جاتے اور لوگ بھی خوار نہ ہوتے ، زرداری کہتے کہ عمران خان میرے ساتھ چوری چھپے مل گیا ہے ، عمران خان ایمپائر کو متوجہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ مجھے وزیراعظم بنا دو، پشاور کے عوام نے لاہور آکر ترقی دیکھ لی ہے، عمران خان ابھی بھی سازشوں میں مصروف ہیں‘لکیر کے اس طرف وہ شخص کھڑا ہے جو کہتا ہے کہ اوپر سے حکم لو ، اتنی پیشیاں نہ تو آئین توڑنے والے اور غدار کی ہوئی ہیں جتنی آپ کے ووٹ لینے والے کی ہوئیں ۔ عمران خان کہتا ہے کہ میرے ایم پے اے چور ہیں جبکہ عمران کے ایم پی اے کہتے ہیں کہ ہمارا لیڈر چور ہے۔تیر پر مہر لگانے والے ووٹ کے نہیں سزا کے حقدار ہیں۔ ابھی تو یہ سازشیں کرنے میں مصروف ہیں ایمپائر کو دکھا رہے ہیں کہ ہماری طرف دیکھو ہمیں وزیراعظم بناؤ ۔ مریم نواز نے کہا کہ جو جھک گیا اور جو بک گیا وہ اہل ، جو ڈٹ گیا وہ نااہل کروادیا گیا۔ 3مہینے بعد آنیوالا الیکشن ووٹ کو عزت دو کے نعرے اور اوپر سے حکم لو کے نعرے والوں کے درمیان ہوگا۔ اوپر سے حکم لو والے ووٹ کی پرچی کوپیروں تلے روندتے ہیں۔ آپ وعدہ کرو کہ ووٹ کی عزت کے نعرے کو انتخاب میں لیکر جاؤ گے اور ووٹ اور ووٹر کو عزت دلاؤ گے ۔ لوٹوں اور فصلی بٹیروں کو عبرت کا نشان بناؤ گے۔ 2018کے انتخابات مین صرف شیر کا نشان چلے گا۔

تازہ ترین