کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ نوا ز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع اقتدار اور بقا کی جنگ ہے، پیپلز پارٹی ن لیگ تنازع میں قصور نواز شریف کا ہے، نواز شریف نے آصف زرداری سے بیوفائی کی ہے، آصف زرداری بھولے نہیں لیکن نواز شریف دھوکے ، فریب اور موقع پرستی کا امام ہے، ن لیگ کے وفاقی و صوبائی وزیر خواتین سے متعلق بازاری زبان استعمال کررہے ہیں، کیا ان کے گھر کوئی ماں ، بیٹی ، بہن نہیں ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کیوں اس پر خاموش ہیں، مریم نواز آج ان خواتین کیلئے کھڑی نہیں ہوئیں کل ان کیلئے کوئی خاتون نہیں کھڑی ہوگی،انتخابی نظام میں مزدوروں اور کسانوں کی نمائندگی نہیں ہوگی تو جمہوریت کو ٹھوس بنیاد نہیں ملے گی، بلاول کی طرح عمران خان اور نواز شریف کو بھی مزدوروں کے حقوق کیلئے بات کرنی چاہئے۔ان خیالات کا اظہار امتیاز عالم، حسن نثار، ارشا دبھٹی، حفیظ اللہ نیازی، بابر ستار اور ارشاد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان عائشہ بخش سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میزبان کے پہلے سوال زرداری صاحب کیا اتنے معصوم اور بھولے تھے کہ میرے ورغلانے میں آگئے، نواز شریف ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں تنازع کی بنیادی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ آصف زرداری بھولے نہیں لیکن نواز شریف دھوکے ، فریب اور موقع پرستی کا امام ہے، نواز شریف کو گھٹی شاید عمرو عیار نے دی تھی، یہ وہ شخص ہے جس نے ضیاء الحق جیسے عظیم محسن کو گندے ٹشو کی طرح پھینک دیا ،آصف زرداری بہتیرے چالاک ہیں مگر نواز شریف چالاکوں کا امام ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کے فطری حریف ہیں یا حلیف نہیں بن سکتے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ تنازع میں قصور نواز شریف کا ہے، نواز شریف نے آصف زرداری سے بیوفائی کی ہے، پیپلز پارٹی دھرنے میں شامل ہوجاتی تو نواز شریف کا تیاپانچہ ہوجاتا، اس وقت مخدوم جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس اور خورشید شاہ کی قیادت میں اسمبلی کے اکٹھے ہونے کی و جہ سے نواز شریف بچ سکے تھے، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو دھرنے میں نہ بیٹھنے کا بدلہ شدت سے بھگتنا پڑا۔شہزاد چوہدری نے کہا کہ ہر وہ معاہدہ جو بدنیتی پر مبنی ہوگا وہ ایک نہ ایک دن ٹوٹ جاتا ہے، ہر وہ سوچ جو سازش کی بنیاد پر بنائی جائے گی اس کا انجام وہی ہوتا ہے جوا ٓج نواز شریف اور آصف زرداری کے آپسی مکالمے میں نظر آرہا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ نوا ز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع اقتدار اور بقا کی جنگ ہے، انہیں نہ قوم اور نہ ہی ملک کا درد ہے، انہوں نے ہمیشہ ہمیں مختلف ناموں اور چہروں سے لوٹا ہے۔امتیاز عالم کاکہناتھا کہ آصف زرداری اس وقت وہی کررہے ہیں جو نواز شریف نے ان کے ساتھ کیا تھا،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے تنازع کی بنیادی وجہ میثاق جمہوریت سے انحراف ہے۔بابر ستار نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اصولوں کی بنیاد پر نہیں ہوتی ہے، اس وقت نوے کی دہائی کی سیاست دوبارہ دکھائی دے رہی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ صرف اپنے مختصر مدتی فائدے کیلئے کام کررہے ہیں۔