وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے امیر جماعت اسلامی سے صوبائی حکومت چھوڑنے کا فیصلہ واپس لینے کی استدعا کر دی۔ جماعت اسلامی نےفیصلہ ایم ایم اے قیادت پر چھوڑ دیا۔
وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے گزشتہ روزاسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق سےملاقات کی اس ملاقات میں جماعت اسلامی کی جانب سے صوبائی مخلوط حکومت چھوڑنے کے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویزخٹک نے استدعا کی کہ حکومت کی مدت میں کچھ ہی دن رہ گئے ہیں جس کے لئے پانچ سالہ رفاقت نہ چھوڑی جائے ۔ امیرجماعت اسلامی کا موقف تھا کہ اب جماعت اسلامی سیاسی لحاظ سے ایم ایم اے کاحصہ ہے اور حکومت چھوڑنے کا فیصلہ ایم ایم اے کا ہے اس لئے وہ ایم ایم اے سربراہی اجلاس میں وزیراعلیٰ کاموقف سامنے لائیں گے۔
جماعت اسلامی نےرواں ہفتے مخلوط حکومت چھوڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ جس کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج اسلام آباد میں ہونے والے ایم ایم اے سربراہی اجلاس میں ہونے کا امکان ہے۔